لینڈ مافیا کی دیدہ دلیری ‘ قبرستان کی جگہ پر پلازہ بنا لیا

لینڈ مافیا کی دیدہ دلیری ‘ قبرستان کی جگہ پر پلازہ بنا لیا

  

 لاہور(اقبال بھٹی)صوبائی دارالحکومت میں رمضان المبارک کی آمد کے موقع پر لینڈ مافیا دوبارہ سرگرم ہو گیا ان لوگوں نے رہائشی اور کمرشل علاقوں کو چھوڑکر شہر میں موجود قبرستانوں کی زمینوں پر قبضے شروع کر دیئے انہوں نے سمن آباد ٹاؤن کے شعبہ ٹاؤن پلاننگ کے اہلکاروں کے ساتھ مل کر ونڈسر پارک اچھر ہ قبرستان کی زمین پر کمرشل پلازہ تعمیر کروا کے ریونیو کی مد میں حکومتی خزانے کولاکھوں روپے کا نقصان پہنچایا،علاقے کے رہائشیوں نے وزیر اعلیٰ اور ڈی سی او سے قبرستان کی زمین پر ہونے والے قبضے کو ختم کرانے کی اپیل کر کے سمن آباد ٹاؤن کے کرپٹ اہلکاروں کیخلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کر دیا۔تفصیلات کیمطابق وزیر اعلیٰ کے حکم پر لینڈ مافیا کیخلاف جاری کریک ڈاؤن کیخلاف سخت ایکشن لینے پر لینڈ مافیا انڈر گراؤنڈ ہو گیا تھا لیکن لینڈ مافیا آپریشن کلین اپ میں نرمی کے ساتھ ہی شہر میں دوبارہ سر گرم ہو گیا ہے اس دفعہ مافیا نے شہر میں موجود قبرستانوں کا رخ کر لیا ہے ان لوگوں نے سمن آباد ٹاؤن کے اہلکاروں کی ملی بھگت سے اچھر قبرستان میں کمرشل پلازہ تعمیر کر لیا ہے اس قبضہ کیخلاف علاقہ کے رہائشیوں نے متعدد بار متعلقہ ٹاؤن میں درخواستیں دیں مگر ٹاؤن کے اہلکاروں نے کسی بھی درخواست کا پر کسی قسم کا کوئی نوٹس نہیں لیا ،قبرستان میں پلازے کی کوریج کے موقع پر ممتاز سماجی رہنما اختر حسین نے نمائندہ پاکستان کو بتایا کہ پلازہ کی تعمیر سے قبل یہ جگہ قبرستان کی حدود میں تھی ان افراد نے قبرستان کی انتظامیہ سے مل کر سمن آباد ٹاؤن کے شعبہ پلاننگ کے اہلکاروں سے مک مکا کر لیا ہے جس پر علاقہ مکین سمن آباد ٹاؤن کے افسران سے ملے اور ان کو غیر قانونی طور پر سرکاری جگہ پر تعمیر ہونے والے پلازہ اور ٹاؤن کے عملہ کیخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے لینڈ مافیا سے قبر ستان کی زمین کو واہ گزار کرایا جائے۔اس حوالے سے بلڈنگ انسپکٹر سمن آباد ٹاؤن لیاقت سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ یہ پلازہ میرے دور سے پہلے کا ہے البتہ پاکستان کی نشاندہی پر اس کی تحقیقات کی جائیں گی اور کوئی اہلکار ذمے دار نکلا تو کارروائی ہو گی

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -