غیر تدریسی ڈیوٹیوں پر پابندی کے احکامات نظر انداز، اساتذہ رمضان بازاروں میں تعینات
لاہور(ذکاء اللہ ملک)محکمہ سکول ایجوکیشن نے حکومت پنجاب کی طرف سے اساتذہ کی غیر تدریسی ڈیوٹیوں پرپابندی کے باوجود رمضان بازاروں میں ڈیوٹیاں لگا دیں، حکومت پنجاب کی واضح ہدایات کے باوجود ٹیچر کمیونٹی کا غیر تدریسی ڈیوٹیوں کے احکامات کے خلاف صوبہ گیر احتجاج کرنے پر غور۔ذرائع کے مطابق ضلع جہلم،چکوال،راجن پور،رحیم یار خان،خانیوال،ڈی جی خان اور قصورمیں ایگزیکٹیو ایجوکیشن آفیسرز کی جانب سے اساتذہ کو آج سے شروع ہونے والے رمضان بازاروں میں فرائض سر انجام دینے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں،بتایا گیا ہے کہ مذکورہ رمضان بازاروں میں زیادہ تر آئی ٹی ٹیچرز کی ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں اور انہیں رمضان بازاروں میں ڈیٹا بیس انٹری ،دوکانداروں کا ریکارڈ ،بازاروں میں خریداروں کا داخلہ و خارج ریکارڈ بنانے کے فرایئض سرانجام دینے کے تحریری ہدایات دی گئی ہیں۔۔ تفصیلات کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب کی طرف سے سیکرٹری سکولز ایجوکیشن کو ایک مراسلہ جاری کیا گیا تھا جس میں صوبہ بھر کے سرکاری سکولوں کے اساتذہ کو انیٹی ڈینگی کیمپین،یو پی سروے،مردم شماری،پولیو ویکسینیشن،کھیلوں کے موقع سمیت تمام غیر تدریسی امور کی انجام دہی پر پابندی عائد کرتے ہوئے محکمہ تعلیم کو اساتذہ کی تمام تر توجہ سکولوں اور درس و تدریس پر مرکوز کرنے کے احکامات جاری کیے تھے تاہم محکمہ سکولز ایجوکیشن نے حکومت پنجاب کے احکامات ہوا میں اڑاتے ہوئے صوبہ کے مختلف اضلاح میں اساتذہ کی رمضان بازاروں میں ڈیوٹیاں لگا دیں جس کے باعث اساتذہ کے مقدس پیشے کو مجروح کیا جا رہا ہے جبکہ قانون کی عمل داری پر سوالیہ نشان لگ چکا ہے۔ اس حوالے سے رابطہ کرنے پر سپیشل سیکرٹری سکولز ایجوکیشن پنجاب احمد علی کمبوہ نے بتایا کہ اساتذہ کی غیر تدریسی ڈیوٹیوں پر پابندی پر عمل درآمد کیا جائے گاتاہم ضلع جہلم میں اساتذہ کی رمضان بازاروں میں ڈیوٹیوں کے حوالے سے ایگزیکٹو ایجوکیشن آفیسر سے رپورٹ طلب کر لی گئی ہے اور اساتذہ کی ڈیوٹیوں کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے متعلقہ ذمہ داران کے خلاف محکمانہ کاروائی بھی کر سکتے ہیں جبکہ نشاندہی پردیگر اضلاح میں اساتذہ کی ڈیوٹیوں کو بھی ختم کرتے ہوئے معتلقہ افسران کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ دریں اثناء رمضان بازاروں میں اساتذہ کی ڈیوٹیوں کے خلاف صوبہ بھر کی اساتذہ تنظیموں نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔پنجاب ٹیچر یونین کے سربراہ سید سجاد اکبر کاظمی نے کہاہے کہ اساتذہ کا مقصد تعلیمی اداروں میں قوم کے معمار تعمیر کرنا ہے،محکمہ ایجوکیشن کے افسران سرکاری امور پر ڈیوٹیاں لگا کر اساتذہ اور شعبہ تعلیم کی تضحیک کر رہے ہیں جسکی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔پنجاب ٹیچرز یونین کے مرکزی صدر حافظ غلام محی الدین نے کہا ہے کہ محکمہ ایجوکیشن کے افسران سیاسی قربتوں کو پروان چڑھانے کے لئے اساتذہ اور محکمہ تعلیم کو تباہ کر رہے ہیں،اساتذہ کی ڈیوٹیوں کے خلاف موثر ایکشن نہ لیا گیا تو سخت ردعمل دیا جائے گا۔پنجاب ایس ای ایس ٹیچرز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر رانا سلطان محمود اختر کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محکمہ ایجوکیشن کی محکمانہ غفلت کے خلاف سخت ایکشن لیں اور اساتذہ کو تعلیمی اداروں میں درس وتدریس تک محدود رکھیں تاکہ سرکاری تعلیمی اداروں کی کارکردگی میں بہتری آ سکے ۔پنجاب ایجوکیٹرز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر چوہدری محمد صفدر نے کہا ہے کہ رمضان بازاروں میں اساتذہ کی ڈیوٹیوں سے محکمہ تعلیم کی ترجیحات کا اندازہ ہوتا ہے کہ سرکاری سکولوں کے اساتذہ کا کام سرکاری امور سرانجام دینا ہے۔