لاہور ہائی کورٹ، وکلا کا پانی پینے کے تنازع پر سب انسپکٹر پر تشدد، وردی پھاڑ ڈالی
لاہور(نامہ نگار)لاہور ہائی کورٹ بار کے احاطے میں وکلاء نے ہائی کورٹ بارکی کنٹین میں پانی پینے کے تنازع پر سب انسپکٹر کو تشدد کانشانہ بنا ڈالا، وکلاء کے تشدد کے باعث سب کی انسپکٹر کی ٹانگ زخمی ہو گئی اور وردی بھی پھٹ گئی ۔تھانہ مانگٹانوالہ ضلع ننکانہ صاحب کاسب انسپکٹر محمد لیاقت کے مطابق وہ لاہور ہائیکورٹ میں درخواست ضمانت کے ایک مقدمے میں ریکارڈ پیش کرنے کے بعدپانی پینے کے لئے ہائیکورٹ بار کی کنٹین میں پہنچا اور میز پر پڑئے جگ سے پانی گلاس میں ڈالا تاہم جب وہ کرسی پر بیٹھ کر پانی پینے لگا تو وہاں موجود وکلاء نے اسے کرسی پر بیٹھنے سے منع کیا جس پر سب انسپکٹر اور وکلاء میں تلخ کلامی ہو گئی اور وکلاء نے اسے تشدد کا نشانہ بنانا شروع کر دیاجس کے باعث سب انسپکٹر کی ٹانگ زخمی ہو گئی اور اس کی وردی بھی پھٹ گئی، سب انسپکٹر کے مطابق وکلاء نے اس سے سرکاری فائل ، موبائل اور نقدی بھی چھین لی ہے ،بعدازاں موقع پر موجود سینئر وکلاء نے بیچ بچاؤ کراتے ہوئے سب انسپکٹر کی جان چھڑوائی۔