ریپ کا شکار مردوں کیلئے سویڈن کے ہسپتال کا اہم اقدام
سٹاک ہوم (مانیٹرنگ ڈیسک) سویڈن کے دالحکومت میں ایک ہسپتال نے ریپ کا شکار ہونے مردوں کے لیے ایمرجنسی کلینک کھولنے کا اعلان کردیا،ساو¿تھ جنرل ہسپتال میں ایسی خواتین کے لیے پہلے ہی ہنگامی طبی امداد کا مرکز کام کر رہا ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق اکتوبر سے ریپ یاجنسی تشددکا شکار ہونیوالے مردوں اور لڑکوں کیلئے بھی طبی امداد کی سہولت دستیاب ہوگی ۔ ڈاکٹر لوٹی ہیلسٹورم نے کہا کہ عام رائے کے مطابق مردوں سے ریپ نہیں کیا جاتا ہے، مردوں کے ریپ کے بارے میں بات کرنے کی اب بھی ممانعت ہے لیکن لوگوں کی سوچ کے برعکس یہ زیادہ عام ہے اور یہ بھی ضروری ہے کہ مردوں کو بھی برابری کی سطح پر ہنگامی طبی سہولیات میسر ہوں۔
ہسپتال میں ریپ سے متاثرہ خواتین کے لیے 24 گھنٹے مکمل طبی سہولیات دستیاب ہیں جس میں ماہر نفسیات اور سماجی کارکنوں کی مدد بھی حاصل ہے۔سویڈن میں جنس سے متعلق تعلیم کی ایسوسی ایشن ’آر ایف ایس یو‘نے اس اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ کلینک مردوں کے لیے مختص کرنے کے نتیجے میں مردوں پر ہونے والے جنسی حملوں کے مسئلے کے بارے میں شعور پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔