آصف علی زرداری افطار ڈنر ، اہم سیاسی جماعتیں شریک نہ ہوئیں ، مہمانوں کے لیے لگائی گئی میز خالی
اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک ) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی جانب سے سیاسی جماعتوں کے لیے افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں مہمانوں کے لیے لگائے گئے 5 میزوں میں سے 2 خالی رہے ۔
آصف زرداری کے افطار ڈنر میں ملک کی اہم سیاسی جماعتوں کے رہنماﺅں نے شرکت کرنے سے معذرت کر لی تھی ۔ معذرت کرنے والوں میں وفاقی حکومتی جماعت پاکستان مسلم لیگ ن ، پاکستان تحریک انصاف ، جمعیت علماءاسلام ف سمیت جماعت اسلامی کے رہنماءشامل تھے ۔ دوسری جانب اس افطار ڈنر میں چوہدری شجاعت علی خان کی سربراہی میں مسلم لیگ ق کا وفد ، میاں افتخار کی سربراہی میں عوامی نیشنل پارٹی کا وفد ، اور فاروق ستار کی سربراہی میں متحدہ قومی موومنٹ کے وفد نے شرکت کی۔ ان کے علاوہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ، اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ ، سینیٹر سلیم مانڈی والا ، شیری رحمان سمیت پیپلز پارٹی کے دیگر رہنماءافطار ڈنر میں شریک تھے ۔
پاکستان مسلم لیگ کی عدم شرکت کے حوالے سے پیپلز پارٹی کے رہنماءفرحت اللہ بابر کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اس ڈنر میں صرف اتحادی جماعتوں کو شرکت کی دعوت دی گئی تھی ۔انہوں نے مزید واضح کیا کہ پاکستان مسلم لیگ اتحادی جماعت نہیں ہے اس لیے انہیں دعوت نہیں دی گئی ۔ ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ سمیت تحریک انصاف کو افطار ڈنر کی دعوت دینے کی ذمہ داری شیری رحمان اور خورشید شاہ کو دی گئی تھی جبکہ دیگر سیاسی جماعتوں کو قیوم سومرو نے دعوت دی تھی ۔
آصف علی زرداری کی جانب سے دیے گئے افطار ڈنر میں مہمانوں کی تواضع کے لیے چکن شاشلک ، چنا چاٹ ، دہی بھلے ، مٹن قورمہ ، وائٹ مٹن چانپ ، بار بی کیو ، کھیر ، لیموں پانی ، شربت اور کولڈ ڈرکنس کے ساتھ کی گئی ہے ۔ یاد رہے آصف علی کی جانب سے پاک فوج کے خلاف دیے گئے بیان کے بعد انہوں نے سیاسی جماعتوں سے مشاورت کا فیصلہ کیا تھا اور اسی لیے انہوں نے رہنماﺅں کو افطار ڈنر پر مدعو کیا تھا ۔