پاک فوج کے خلاف بیان ، چوہدری شجاعت حسین کا آصف علی زرداری کو ایسے بیانات سے گریز کرنے کا مشورہ
اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک ) سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی جانب سے دیے گئے افطار ڈنر کے بعد سیاسی جماعتوں کے رہنماﺅں کا اہم اجلاس منعقد کیا گیا ۔
ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے مسلم لیگ ق کے رہنماءچوہدری شجاعت حسین سے الگ ملاقات بھی کی ہے جس میں ملک کی مجموعی صورتحال سمیت دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ہے ۔اس اجلاس میں چوہدری شجاعت حسین کی جانب سے آصف علی زرداری کو مشورہ دیا گیا ہے کہ پاک فوج کے خلاف بیان بازی سے گریز کیا جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج ضرب عضب میں کامیابیاں حاصل کر رہی ہے اور ملک کا دفاع کرنے و الے ادارے کے حوالے سے بیان بازی نہیں ہونی چاہیئے ۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ اس اجلاس میں متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے اجلاس میں موجود رہنماﺅں سمیت آصف علی زرداری کو کراچی میں جاری آپریشن پر ان کے تحفظات سے آگاہ کیا گیا ہے ۔ ایم کیو ایم کی جانب سے اجلاس میں مطالبہ بھی کیا گیا ہے کہ کراچی میں جاری آپریشن کے تحفظات کو اسمبلی سمیت سینیٹ میں بھی اٹھایا جائے اور اس آپریشن کے حوالے سے سندھ حکومت بھی اپنا کردار ادا کرے ۔
اس اجلاس میں انکار کرنے کے باوجود مولانا فضل الرحمان بھی شریک ہوئے اور انہوں نے بھی سیاسی جماعتوں کے مشاورتی اجلاس میں شرکت کی ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے اپنے تمام اتحادیوں کے ساتھ مشاورت مکمل کر لی ہے اور اس کے بعد اہم فیصلے کیے جائیں گے ۔