تعلیم یافتہ قومیں ہی ترقی کی منازل طے کرتی ہیں،پروفیسر رفیق احمد

تعلیم یافتہ قومیں ہی ترقی کی منازل طے کرتی ہیں،پروفیسر رفیق احمد

لاہور(جنرل رپورٹر)پاکستان ایک عظیم ملک ہے جسے قدرت نے ہر طرح کے وسائل سے نواز رکھا ہے۔طلبہ حصول علم پر توجہ مرکوز رکھیں ، تعلیم سے ہی قومیں ترقی کی منازل طے کرتی ہیں ۔آپ بڑے ہو کر ملکی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور کردار اداکرنے کا عزم کریں۔ ان خیالات کااظہارتحریک پاکستان کے کارکن، سابق وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی اور نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے وائس چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد نے ایوانِ کارکنان تحریک پاکستان‘ شاہراہ قائداعظمؒ لاہور میں جاری نظریاتی سمر سکول کے سولہویں سالانہ تعلیمی سیشن کے چوتھے روز ’’ پاکستان ستاروں پر کمند ڈالنے والی ریاست ہے‘‘کے موضوع پرملٹی میڈیا کے ذریعے پریزینٹیشن کے دوران طلبا و طالبات سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر سیکرٹری نظریۂ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید بھی موجود تھے۔ نظریاتی سمر سکول کا اہتمام نظریۂ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا ہے جو ایک ماہ تک جاری رہے گا ۔اس سکول کا ماٹو’’پاکستان سے پیار کرو‘‘ ہے۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض نظریاتی سمر سکول کے طالبعلم عبداللہ جاوید نے انجام دیے۔پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد نے کہا کہ نئی نسل ہی پاکستان کا مستقبل ہے۔ طلبہ محنت کو اپنا شعار بنائیں اور اعلیٰ تعلیم حاصل کریں۔ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے ہر طرح کے وسائل نے نواز رکھا ہے۔ یہاں بلندو بالا پہاڑ، برف پوش چوٹیاں، صحرا، دریا، لہلہاتے کھیت، زبردست محل وقوع ، سرسبز زمینیں اور سب سے بڑھ کر ذہین افرادی قوت موجودہے۔ پاکستان کی فوج کا شمار دنیا کی بہترین اور بہادر افواج میں ہوتا ہے۔ پاکستان دنیا کی ساتویں اور عالم اسلام کی واحد ایٹمی قوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظمؒ محنتی ، ایماندار شخص تھے اور مسلمانان برصغیر نے ان کی قیادت میں اپنے لیے علیحدہ ملک حاصل کر لیا ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1