پاکستان کی ایمرجنگ مارکیٹ انڈیکس میں شمولیت قابل ستائش
کراچی (اکنامک رپورٹر) پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر، بزنس مین پینل کے سینئر وائس چےئرمین اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ 8 سال کے وقفے کے بعد پاکستان اسٹاک مارکیٹ کی ایمرجنگ مارکیٹ انڈیکس میں شمولیت قابل ستائش ہے جس میں وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار کی شبانہ روز کوششوں کا دخل ہے، اس سے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کا امکان بڑھ گیا ہے جو خوش آئند ہے تاہم اسے برقرار رکھنے اور درجہ بندی میں اضافے کے لئے حکومت کو سنجیدہ کوششیں کرنا ہوں گی۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ ایمرجنگ مارکیٹ انڈیکس میں شمولیت سے اسٹاک مارکیٹ نئی بلندیوں تک پہنچ گئی ہے مگر غیر ملکی سرمایہ کاروں کی بھرپورتوجہ حاصل کرنے کے لئے مزید اقدامات کی ضرورت ہے جس میں بروکرز کے اختیارات میں کمی اور ریگولیٹرکے اختیارات میں اضافے شامل ہیں، مارکیٹ جتنی شفاف ہو گی اتنی ہی زیادہ سرمایہ کاری ہو گی جس کے لئے اچھے اور برے بروکرز میں امتیاز قائم کرنا ہوگا۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ گٹھ جوڑ کی سیاست کی وجہ سے بحران آتے ہیں اور عوام و سرمایہ کاروں کا اعتماد ختم ہوتا ہے جس کے لئے ریگولیٹر کو مزید با اختیار بنانا اور اس ادارے میں مافیا کے نمائندوں کی اہم آسامیوں پر بھرتیوں کی حوصلہ شکنی کرنا ہو گی۔