منافع کے نام پر کسی کو بھی عام آدمی کا استحصال نہیں کرنے دوں گا : شہباز شریف

منافع کے نام پر کسی کو بھی عام آدمی کا استحصال نہیں کرنے دوں گا : شہباز شریف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(سٹی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے دوپہر بغیر پروٹوکول محمد شہبازشریف ہسپتال بیدیاں روڈ اور رمضان بازاربیدیاں روڈکا اچانک دورہ کیا۔وزیراعلیٰ شہبازشریف کے اس اچانک دورے سے ان کا سٹاف ،ضلعی انتظامیہ اورمسلم لیگ(ن) کے عہدیداران بھی لاعلم رہے۔وزیراعلیٰ نے محمدشہبازشریف ہسپتال میں طبی سہولتوں کی فراہمی جبکہ رمضان بازار میں اشیاء ضروریہ،پھلوں،سبزیوں اوردالوں کے معیار اورقیمتوں کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ نے ہسپتال میں زچہ و بچہ وارڈ ، فارمیسی اور بلڈ بینک کا معائنہ کیااوروارڈز میں زیر علاج مریضوں اوران کے لواحقین سے ہسپتال میں فراہم کی جانیوالی طبی سہولتوں،صفائی کے انتظامات،ادویات کی فراہمی اورطبی عملے کے رویے کے بارے دریافت کیا ۔ہسپتال میں زیر علاج مریضوں اوران کے لواحقین نے وزیراعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے انتہائی شاندار ہسپتال بنایا ہے جہاں علاج بھی بہت اچھا ہوتاہے اور ادویات بھی ملتی ہیں۔ڈاکٹرز اورطبی عملے کا رویہ انتہائی بہترین ہے ،ہمیں علاج معالجے میں کسی قسم کی دقت نہیں ہے ۔زچہ وبچہ وارڈ میں داخل ایک مریضہ نے وزیراعلیٰ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال میں بہت اچھا علاج ہورہا ہے ۔ڈاکٹرز اور نرسیں بہت خیال رکھتی ہیں اورہمیں اس ہسپتال میں کوئی تکلیف نہیں ہمیں یقین نہیں آتا کہ ایسا ہسپتال بھی کوئی بن گیا ہے جہاں اتنا اچھے طریقے سے علاج معالجہ ہوتا ہے ۔بلاشبہ یہ ہسپتال ہمارے لئے ایک نعمت سے کم نہیں۔ہسپتال میں زیر علاج دیگر خواتین مریضوں نے بھی ہسپتال میں دستیاب طبی سہولتوں کی تعریف کی اورکہاکہ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ہم جیسے عام لوگوں کے لئے یہ ہسپتال بناکر بہت احسان کیا ہے۔وزیراعلیٰ نے ہسپتال کے دورے کے موقع پر ڈاکٹرز،نرسز اور دیگر عملے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال میں صفائی کاانتظام اچھا ہے تاہم اسے مزید بہتر کیا جاسکتا ہے-مجھے آج اس ہسپتال کا دورہ کر کے دلی خوشی ہوئی ہے جہاں مریضوں کوبہترین علاج معالجہ میسر آرہا ہے اورعملہ بھی حاضر ہے،یہی وہ جذبہ ہے جسے عام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ دکھی انسانیت کی خدمت کی جاسکے- انہوں نے کہاکہ اس ہسپتال میں ڈاکٹرز اور طبی عملہ کی جانب سے دکھی انسانیت کی بھرپو خدمت کودیکھ کر دلی خوشی ہوئی ہے۔ تمام ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اورطبی عملے کو اسی جذبے سے دکھی انسانیت کی خدمت کرنی چاہیے کیونکہ دین اوردنیا کمانے کاذریعہ ہے۔انہوں نے کہا کہ محمد شہبازشریف ہسپتال بیدیاں روڈمیں مریضوں کو شاندا ر طبی سہولتیں دی جارہی ہیں اوراس ہسپتال کی طرح پنجاب کے دیگر تمام ہسپتالوں میں بھی اسی طرح کی طبی سہولتیں مریضوں کو ملنی چاہیے۔وزیراعلیٰ نے ہسپتال میں علاج معالجہ کی بہتر سہولتیں پر اطمینان اورمسرت کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کااجر دنیا کے ساتھ آخرت میں بھی ملتا ہے ۔دکھی انسانیت کی خدمت ایک عبادت سے کم نہیں ۔ڈاکٹرزاور طبی عملے کی موجودگی پر مجھے بہت خوشی ہوئی ہے اور یقیناًآپ کا یہ جذبہ لائق تحسین ہے ۔ وزیراعلیٰ نے ہسپتال کی فارمیسی اوربلڈ بینک کا دورہ کیااورفارمیسی میں ادویات کے نظام کا جائزہ لیا ۔وزیراعلیٰ نے وہاں موجود فارماسسٹ کی کارکردگی کی تعریف کی اورانہیں شاباش دی۔وزیراعلیٰ نے بلڈ بینک کے دورے کے دوران پاؤں میں چوٹ لگنے کے باوجود لیڈی ڈاکٹر کو فرائض سرانجام دیتے دیکھ کرخوشی کااظہا ر کیا اور کہا کہ یہ وہ جذبہ ہے جسے بروئے کار لاکردکھی انسانیت کی خدمت کی جاسکتی ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلڈ بینک میں خون رکھنے کیلئے بڑے ریفریجریٹرکاانتظام کیا جائے گا۔بعدازاں وزیراعلیٰ شہبازشریف نے واہگہ ٹاؤن کے زیر اہتمام بیدیا ں روڈ پر سستے رمضان بازار کا بھی اچانک دورہ کیا۔وزیراعلیٰ ہسپتال سے سیدھے بغیر پروٹوکول کے رمضان بازار پہنچے۔وزیراعلیٰ نے سبزیوں ،پھلو ں،دالوں ،چینی اور آٹے کے سٹالزکا معائنہ کیااوراشیاء کے معیار اورقیمتوں کا جائزہ بھی لیا۔ وزیراعلیٰ نے صارفین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رمضان بازاروں کا مقصد ماہ مقدس میں عام آدمی کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کرنا ہے ۔رمضان بازاروں کیساتھ عام مارکیٹوں میں بھی ناجائز منافع خوروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔میں منافع کے نام پر کسی کو بھی عا م آدمی کا استحصال نہیں کرنے دوں گا۔وزیراعلیٰ نے رمضان بازار میں صارفین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی سہولت کیلئے صوبے بھر میں رمضان بازار لگائے گئے ہیں اوران رمضان بازاروں میں عوام کو معیاری اشیاء خوردونوش سستے داموں فراہم کی جارہی ہیں ۔رمضان پیکیج کے ثمرات عوام تک پہنچانے کیلئے پوری حکومتی مشینری اور منتخب نمائندوں کو متحرک کیا گیاہے۔میں خود بھی سستی اور معیاری اشیاء ضروریہ کی قیمتوں اور دستیابی کا جائزہ لینے کیلئے رمضان بازاروں کے باقاعدگی سے دورے کررہا ہوں ۔عوام کو حقیقی ریلیف دیں گے،بازار میں خریداری کیلئے آئے بزرگوں، خواتین اورنوجوانوں نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ رمضان بازار میں اشیاء ضروریہ کے نرخ عام مارکیٹ کے مقابلے میں کم ہیں اور معیار بھی بہتر ہے ۔وزیراعلیٰ نے چینی اورسستے آٹے کے سٹالزکا جائزہ لیا اورلوگوں سے کوالٹی کے بارے دریافت کیا۔لوگوں نے وزیراعلیٰ کو بتایاکہ چینی اورآٹا کی قیمتیں بہت مناسب ہیں اورکوالٹی بھی اچھی ہے۔صارفین نے وزیراعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے رمضان بازاروں میں سستی اور معیاری اشیاء صرف کی فراہمی پر اطمینا ن کااظہارکیا اور کہا کہ رمضان بازاروں کا قیام وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا عوام دوست اقدام ہے اور یہ رمضان بازار عام آدمی کیلئے کسی نعمت سے کم نہیں اورآپ نے رمضان بازاروں کے ذریعے عوام کے دل جیت لئے ہیں۔صارفین نے رمضان بازار میں کیے جانے والے انتظامات پر اطمینان کا اظہارکیا اور وزیراعلیٰ شہبازشریف زندہ باد کے نعرے لگائے۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ میں آئندہ بھی ہسپتالوں اوررمضان بازاروں کے اچانک دورے کرتا رہوں گا۔اس موقع پر طلحہ برکی بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت یہاں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہواجس میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے کے مختلف امور پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے اربوں روپے کی لاگت سے ایک بڑے پروگرام پر کا م کا آغاز کر دیا ہے اور پنجاب حکومت اس پروگرام کے تحت عوام کو پینے کے صاف پانی کا حق دے گی۔انہوں نے کہا کہ صاف پانی کا تعلق براہ راست انسانی صحت سے جڑا ہے اور پینے کا صاف پانی ہر شہری کی بنیادی ضرورت ہے ۔ اس پروگرام کے باعث غیر معیاری پانی کی وجہ سے جنم لینے والی بیماریوں پر قابو پانے میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی صحت کے حوالے سے یہ پروگرام بہت اہمیت کا حامل ہے اور پنجاب حکومت دیہاتوں میں بسنے والے کروڑوں عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائے گی۔آئندہ مالی سال کے بجٹ میں پنجاب صاف پانی پروگرام کیلئے 30 ارب روپے کی رقم مختص کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پائلٹ پراجیکٹ کے ذریعے جنوبی پنجاب کی پانچ تحصیلوں میں 80 سے زائد واٹر فلٹریشن پلانٹس لگا دیئے گئے ہیں۔لودھراں ، خانپور، حاصل پور ، دنیا پور اور منچن آباد میں ان واٹر فلٹریشن پلانٹس سے روزانہ لاکھوں لوگ پینے کا صاف پانی حاصل کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے 6 اضلاع کے علاوہ ان علاقوں میں صاف پانی پروگرام کو ترجیحی بنیادوں پر شروع کیا جائے گا جہاں زیر زمین پانی موزوں نہیں ہے۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ منصوبے کے لئے دنیا کی بہترین کمپنیوں کا شفاف انداز سے قواعد و ضوابط مد نظر رکھ کر انتخاب کیا جائے۔ صاف پانی پروگرام کے حوالے سے ہونے والے سروے اور ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے پر موثر انداز سے عملدرآمد کے لئے صاف پانی کمپنی کی استعداد کار بڑھانے کے لئے بھی فوری اقدامات کئے جائیں ۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر نے صاف پانی کمپنی کی منصوبے کے مختلف امور کے حوالے سے بریفنگ دی۔صوبائی وزیر ہاؤسنگ تنویر اسلم ملک، چیئرمین پنجاب صاف پانی کمپنی ایم پی اے کاشف پڈھیار، چیئرمین وزیر اعلیٰ ٹاسک فورس برائے اطلاعات و کلچر محمد مالک، ایم پی اے انجینئر قمر الاسلام، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ سیکرٹری ہاؤسنگ ویڈیولنک کے ذریعے کمشنر آفس ملتان سے اجلاس میں شریک ہوئے۔

مزید :

صفحہ اول -