جائیکاٹیوٹا کے 13 ٹیکنیکل ٹریننگ اداروں کو سنٹر آف ایکسیلنس بنائے گی

جائیکاٹیوٹا کے 13 ٹیکنیکل ٹریننگ اداروں کو سنٹر آف ایکسیلنس بنائے گی

فیصل آباد (آن لائن)جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی(جائیکا) اور ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی(ٹیوٹا) کے تعاون سے پنجاب کے 13 ٹیکنیکل ٹریننگ اداروں کو سنٹر آف ایکسیلنس کے طور پر ترقی دی جائے گی تا کہ یہ صنعتی اداروں کی مصنوعات کا معیار بڑھانے کیلئے ان کو اعلیٰ تعلیم اور تربیت یافتہ افرادی قوت مہیا کر سکیں،جائیکا ٹیکنیکل اسسٹنس اور گرانٹ اِن ایڈ کی شکل میں امداد دیتا ہے۔ ان امداد کی مجموعی مقدار 200 سے 250 ملین ین ہوتی ہے جس سے ان اداروں کیلئے ضروری مشینری اور آلات خریدے جاتے ہیں ۔آن لائن کے مطابق گذشتہ روز ان خیالات کا اظہار جائیکا کے ماہر مسٹر کاٹونے فیصل آباد میں صنعتکاروں اور تاجروں سے ایک ملاقات کے دوران گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی سمن آباد کو بھی سنٹر آف ایکسیلنس کے طور پر ترقی دی جائیگی اور اس سلسلہ میں مختلف مراحل میں کام پہلے سے ہی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ اس سنٹر آف ایکسیلنس میں تیار ہونے والے گریجویٹ نہ صرف مقامی صنعتوں میں تیار ہونے والی مصنوعات کے معیار کو بہتر بنا سکیں بلکہ ان کی ان اداروں میں آسانی سے کھپت بھی ہو سکے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ فیصل آباد کے 200 سے زائدصنعتی اداروں کا سروے کرکے ان کی ضروریات کا ابتدائی اندازہ لگا چکے ہیں۔

جبکہ منتخب اداروں کے اساتذہ کی تربیت کا کام پہلے ہی مکمل کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ چیمبر کی مشاورت سے گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی کا سلیبس تیار کرنا چاہتے ہیں تاہم اس سلسلہ میں مقامی صنعتوں اور فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔ اس سے قبل گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی کے پرنسپل انجینئر محمد علی نے کہا کہ یہ ادارہ آئندہ تین سالوں میں مکینیکل ٹریڈ کے ساڑھے چھ سو گریجویٹ تیار کرے گا جس کی صنعتی اداروں میں شمولیت سے برآمدی سامان کی پیداواریت اور معیار میں واضح بہتری آئیگی۔ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر چوہدری محمد نواز نے صنعتی ترقی کیلئے ٹیکنیکل ایجوکیشن کی اہمیت پر زور دیااور کہا کہ ملک کا اہم ترین صنعتی مرکز ہونے کی وجہ سے ہمیں اعلیٰ تعلیم اور تربیت یافتہ افرادی قوت کی زیادہ ضرورت ہے۔ انہوں نے جاپان کی حکومت اور جائیکا کا شکریہ ادا کیا جو فیصل آباد کو اعلیٰ تربیت یافتہ افرادی قوت مہیا کرنے کیلئے بھرپور تعاون کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیوٹا کے مقامی بورڈ آف مینجمنٹ کے چیئرمین فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے سابق صدر انجینئر سہیل بن رشید ہیں وہ اس وقت غیر ملکی دورے پر گئے ہوئے ہیں اور ان کی واپسی پر مکینیکل ٹریڈ کے سلیبس پر مزید غور کیا جائیگا۔ اس میٹنگ میں جائیکا کے ایک اور ماہر کے علاوہ نوید گلزار، فاروق اجمل ، شیخ عبدالقیوم اور چیمبر کے سیکرٹری جنرل عابد مسعود نے بھی شرکت کی۔

مزید : کامرس