خوبرو اداکارہ کی ایک تصویر نے بین الاقوامی مجرموں کے گروہ کو جیل بھجوادیا

خوبرو اداکارہ کی ایک تصویر نے بین الاقوامی مجرموں کے گروہ کو جیل بھجوادیا
 خوبرو اداکارہ کی ایک تصویر نے بین الاقوامی مجرموں کے گروہ کو جیل بھجوادیا

  

اوٹاوا(مانیٹرنگ ڈیسک) کینیڈا کی ایک سپرگرل نے بغیرکسی تردد کے بین الاقوامی سطح پر فراڈ کرنے والے ایک گینگ کو بے نقاب کر دیا ہے اور اس کے لیے اسے اپنے گھر سے قدم باہر رکھنے کی زحمت بھی نہیں کرنا پڑی۔ برطانوی اخبار ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق یہ سپرگرل معروف ٹی وی اداکارہ لورا وینڈروورٹ (Laura Vandervoort)ہے۔ لورا کو تو شاید معلوم بھی نہیں ہو گا کہ اس نے اتنا بڑا کارنامہ انجام دے دیا ہے۔ کہانی دراصل یوں ہے کہ نوسربازوں کا ایک بین الاقوامی گروہ انٹرنیٹ سے لوگوں کی تصاویر اور معلومات چرا کر ان جعلی آئی ڈی کارڈ اور پاسپورٹ و دیگر دستاویزات بنانے کے لیے استعمال کر رہا تھا۔ ان جعل سازوں نے ایک ٹکٹ کمپنی قائم کر رکھی تھی جہاں وہ لوگوں کو جعلی ٹکٹ فروخت کرکے لوٹ رہے تھے۔ ایف بی آئی کے تحقیق کار پریشان تھے کہ وہ اس گروہ کو کیسے گرفتار کریں۔ پھر ایک روز اس گروہ سے ایک غلطی ہوئی۔ انہوں نے انٹرنیٹ سے گمنام لوگوں کی تصاویر اور معلومات چراتے ہوئے اداکارہ لورا کی تصویر اور معلومات بھی چرا لیں اور انہیں بھی آئی ڈی کارڈ و دیگر جعل سازی میں استعمال کر دیا۔ جب یہ تصویر تفتیشی افسروں کے سامنے آئی تو ایک افسر نے لورا کو پہچان لیا۔ یوں اس نوسرباز گروہ کا بھانڈہ پھوٹ گیا اور تفتیش کار ان کے طریقہ واردات سے آگاہ ہو گئے۔ برطانوی اخبار ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق ملزم کئی سالوں سے یہ دھندہ کر رہے تھے اور اب تک کئی لوگوں کو لوٹ چکے تھے۔ ان جعل سازوں نے مختلف ایپلی کیشنز کے ذریعے بھی لوگوں کا ڈیٹا چوری کیا تھا اور کئی ٹریول کمپنیاں بنا رکھی تھیں۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر