گھر کے شیر ہرارے میں ڈھیر ، زمبابوے نے بھارت کو ہرادیا

گھر کے شیر ہرارے میں ڈھیر ، زمبابوے نے بھارت کو ہرادیا
گھر کے شیر ہرارے میں ڈھیر ، زمبابوے نے بھارت کو ہرادیا

  

ہرارے (ویب ڈیسک) گھر کے شیر بھارتی کھلاڑی دنیائے کرکٹ کی کمزور سمجھی جانیوالی زمبابوین ٹیم کے سامنے ہرارے کے میدان میں ڈھیر ہو گئے، پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں زمبابوے نے بھارتی ٹیم کو 2 رنز سے شکست دے کر سیریز کا فاتحانہ آغاز کر دیا۔ سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت کو شکست ہوئی ۔ زمبابوے کی ٹیم نے پہلے کھیل کر 170 رنز بنائے۔ چگمبورا نے شاندار نصف سنچری سکور کی۔ انہوں نے 26گیندوں پر 7 چھکوں اور ایک چو کے کی مدد سے 54 رنز بنائے اور کھیل کے اختتام تک کریز پر موجود رہے۔ جواب میں بھارت کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور ون ڈے انٹرنیشنل ڈیبیو میچ میں سنچری بنا کر نئی تاریخ رقم کرنے والے بھارتی بلے باز لوکیش راہول ٹی ٹونٹی ڈیبیو میں صفر پر آﺅٹ ہوئے۔ راہول نے زمبابوے کے خلاف ڈیبیو ون ڈے میں سنچری بنا کر پہلے بھارتی بلے باز ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا لیکن وہ ٹی ٹونٹی کیرئیر کا آغاز یادگار طریقے سے نہ کر سکے، بھارت نے زمبابوے کے خلاف پہلے ٹی ٹونٹی میں انہیں کیپ پہنائی تاہم وہ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد منڈیپ سنگھ، پانڈے اور اکشر پاٹیل نے شاندار بلے بازی کی لیکن ٹیم کو فتح نہ دلواسکے۔ آخری بال پر بھارت کو جیت کیلئے 4 رنز درکار تھے لیکن کپتان دھونی صرف ایک رن بنا سکے۔ بھارت نے چھ وکٹوں پر 168 رنز بنائے جبکہ انتہائی قیمتی آخری اوور میں صرف سات رنز بن سکے۔ زمبابوے کے بلے باز چگمبو را کو بہترین کارکردگی دکھانے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ واضح رہے کہ بھارت اور زمبابوے کے مابین 3 ٹی ٹونٹی میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جارہی ہے جس کے آغاز میں ہی بھارتی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

مزید : کھیل