لاہور کا دھرنا انصاف کی یاد دہانی کیلئے دیا، انصاف نہ ملا تو غیر معینہ مدت کیلئے دھرنے دے سکتے ہیں: طاہر القادری

لاہور کا دھرنا انصاف کی یاد دہانی کیلئے دیا، انصاف نہ ملا تو غیر معینہ مدت ...
لاہور کا دھرنا انصاف کی یاد دہانی کیلئے دیا، انصاف نہ ملا تو غیر معینہ مدت کیلئے دھرنے دے سکتے ہیں: طاہر القادری

  

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ لاہور کا دھرناانصاف کیلئے حکمرانوں کو یاد دہانی کیلئے دیاہے۔ اگر ہمیں انصاف نہ ملا توغیر معینہ مدت کیلئے دھرنے بھی دیئے جائینگے اور شہروں میں ریلیاں بھی نکالی جائینگی۔موجودہ نظام کو نہیں مانتے اس میں اتنی طاقت نہیں کہ وہ ہمیں انصاف دلا سکے۔ سانحہ ماڈل ٹاون کے مجرم اس وقت لاہور میں آزاد پھر رہے ہیں۔حکومت میں شامل لوگ ہی قاتل ہیں۔ انہوں نے دہشتگردی کے ایک جج کو خریدا جس نے ہمارے لوگوں کو ہی ملزم بنا دیا۔ وہ جج ہمارے وکلا کو کھلے عام کہتا تھا کہ میں نے اس کیس کو ختم کرنا ہے۔ مجھے احکامات دیئے گئے ہیں۔

چینل 92کے ایک پروگرام ”ہم دیکھیں گے“میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم قصاص اور دیت کا مطالبہ کر رہے ہیں۔حکمرانوں نے ایک نامزد ملزم کو باہر بھجوا دیا اور دوسرے کو سویٹزر لینڈ میں سفیر بنا دیا۔اگر عمران خان نے رابطہ کیا تو ان کے ساتھ مل کر سڑکوں پر آنے کے بارے میں کوئی فیصلہ کرینگے۔ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کا دھرنا طویل مشاورت کے بعد ختم کیا۔ جب دیکھا کہ دھرنے سے انصاف نہیں مل سکتا تو اس کو ختم کرنے کے سوا کوئی راستہ نہ تھا۔جس شخص نے مجھ پر آف شور کمپنی کا الزام لگایا وہ تو خود سانحہ ماڈل ٹاون کی ایف آئی آر میں نامزد ہے۔ ایسے آدمی سے کوئی معقول بات کی توقع رکھنا مناسب نہیں۔میں آف شور کمپنی کو حرام سمجھتا ہوں میری کوئی آف شور کمپنی نہیں۔

مزید : قومی