’ چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان کی فتح، پاکستان کرکٹ کے خلاف سب سے خوفناک سازش‘
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان اور بھارت کے مابین کرکٹ میچ میں لوگوں کا جوش و جذبہ کسی بھی دوسرے میچ سے ہزاروں گنا زیادہ ہوتا ہے۔اسی وجہ سے جب ایک ٹیم ہار جائے تو دوسرے ملک کے مداحوں کی جانب سے حریف ٹیم کی کارکردگی کی تعریف کی بجائے اپنی ٹیم پر چڑھائی کردی جاتی ہے اور کہا جاتا ہے کہ انہوں نے کوئی خفیہ ڈیل کی ہے۔ اسی مائنڈ سیٹ کو مد نظر رکھتے ہوئے معروف اینکر پرسن اجمل جامی نے طنزو مزاح سے بھرپور ایک پوسٹ فیس بک پر لکھ دی۔ سنجیدہ قسم کے لوگوں نے تو اس تحریر کو صرف تفریح طبع کے طور پر ہی دیکھا لیکن جذباتی قسم کے لوگ اس تحریر میں واضح نشاندہی کے باوجود اسے سچ سمجھتے اور طرح طرح کے کمنٹ کرتے رہے۔
اپنی تحریر میںصحافی اجمل جامی نے چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں پاکستان ٹیم کی فتح کو نواز مودی گٹھ جوڑ کا شاخسانہ قرار دیا اور یہ بھی بتایا کہ نواز شریف اپنے دوست نجم سیٹھی کو پی سی بی چیئرمین لگانا چاہتے ہیں اس لیے انہوں نے مودی کے ساتھ مل کر گرین شرٹس کو فتح دلوائی ۔ اجمل جامی نے باتوں ہی باتوں میں یہ بھی بتادیا کہ مودی نے نہ صرف انڈیا کے خلاف بلکہ جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کے خلاف پاکستان کی فتح میں بھی اہم کردار اداکیا۔ مودی نے ان دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو آئی پی ایل میں مہنگے داموں خریدنے کا لالچ دے کر پاکستان ٹیم کو فتح دلوائی۔
اجمل جامی کی طرف سے یہ تحریر ایک شگوفے کے طور پر لکھی گئی تھی جس کا مقصد صرف ان لوگوں پر تنقید کرنا تھا جو ہر بات میں سازش ڈھونڈنے کی کوشش کرتے ہیں۔ تحریر کے آخر میں اشارتاً اس بات کی نشاندہی بھی کردی گئی تھی کہ اس پر سنجیدگی سے غور نہ کیا جائے لیکن بہت سے لوگ اس پر بھی جذباتی ہوگئے۔
ایک صارف حفصہ عثمان نے لکھا کہ ”ٹھیک ہے جیت کی خوشی ہے لیکن ایک ہفتے میں ٹیم اتنا کچھ کر گئی کہ انڈیا جیسی ٹیم کو ہرا دیا
چلیں انڈیا کا کوئی پلئیر تو روکتا لیکن یہاں تو ایک آیا ایک گیا ، بائی دا وے ہمیں تصویر کا ہر رخ دیکھنا چاہیے، یہ ہماری کارکردگی ایک ہفتے میں تھی ،،،، سوچنے کی بات یہ ہے کہ انڈیا کہ پلیئرز ایکسپرٹ ہیں ،،ہم نے ایک ویک میں ان کو ناک آوٹ کردیا یہ کیسے مکمن ہے۔۔میری سمجھ سے باہر ہے یہ بات“
الفرڈ چارلس نامی ایک صارف نے لکھا کہ ” چڑیا والے بابے نے اب کی بار 35 کے بجائے 4 پنکچر لگائے!“
قمر گیلانی نامی صارف نے لکھا ”مطلب راجا جی یعنی رمیز راجابھی اس کھیل کے کھلاڑی تھے جو اکیلے انڈیا پاکستان کو فائنل میں بھیج کر پاکستان کو ایڈوانس ٹرافی تھما رہے تھے“
شجاعت علی نامی صارف نے اجمل جامی پر ہی عامر سہیل کے ساتھ مل کر سازش کرنے کا الزام لگادیا اور ساتھ ہی اس بات پر بھی خوشی کا اظہار کیا کہ چلو اس بار ڈیل کا فائدہ ہمیں ہوا ہے نہیں تو ہر بار بھارت ہی میچ جیت جاتا تھا۔
انجم فاروق نامی صارف نے تو اجمل جامی کا موازنہ ملک کے ” پائے کے تجزیہ کاروں “ سے کردیا اور کہا ”لگتا ہے شاہد مسعود ، ارشد شریف ، بھٹی اور سمیع ابراہیم کے" ذرائع "چوری ہو گئے ہیں“
ایک صارف نے تو سینئر صحافی نذیر ناجی سے ہوشیار رہنے کا مشورہ بھی دے دیا اور کہا کہ ’’کاپی رائٹس کا دھیان کیجیے گا کہیں ناجی صاحب اپنے نام سے چھاپ نہ دیں، اس سے ملتی جلتی حرکت موصوف پہلے بھی فرما چکے ہیں ???? ‘‘
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سینئر صحافی و کالم نویس نذیر ناجی نے بھی اسی قسم کی ایک تحریرلکھی تھی جس میں جنرل کیانی کو شریف برادران کے ساتھ مل کر عمران خان کے خلاف سازش کرتے ہوئے پیش کیا گیا تھا۔ نذیر ناجی کی وضاحت کے باوجود پی ٹی آئی کے سابق ترجمان نعیم الحق نے اسے ٹویٹ کردیا تھا جس کی وجہ سے ان پر شدید تنقید کی گئی تھی ۔ یہ کالم دو قسطوں میں لکھا گیا تھا جس کی دوسری قسط میں وضاحت دی گئی تھی کہ یہ ایک فرضی تحریر ہے۔