آرمی چیف: بِل گیٹس کی فون کال اور حکومت؟

آرمی چیف: بِل گیٹس کی فون کال اور حکومت؟

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


مکرمی! آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو مائیکروسافٹ کے بانی بِل گیٹس نے فون کرکے پاکستان سے پولیو کے خاتمے کے لئے پاک فوج کی حمایت اور اقدامات کی تعریف کی اور جواب میں آرمی چیف نے بھی پولیو کے خاتمے کے نیک کام کے لئے بل گیٹس کے اقدامات سراہنے کے علاوہ اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ پاکستان کے
قومی مفاد میں پاک فوج ہر ممکن تعاون برقرار رکھے گی، وغیرہ۔۔۔افواجِ پاکستان بلاشبہ پوری قوم کے سرکا تاج ہیں! تاہم جہاں ایک طرف روایتی وغیر روایتی عسکری ذمہ داریوں کے علاوہ پولیو کے خاتمے سمیت دیگر متعدد سماجی خدمات و بہبود عامہ کے میدانوں میں بھی پاک فوج اور اس کی ذیلی سیکیورٹی فورسز کی سرتوڑ کاوشیں اور لازوال قربانیاں قابلِ صد تحسین ہیں، تو دوسری طرف وطن عزیز سے پولیو کے خاتمے کے لئے ایک ’’مخصوص صورت حال‘‘ کے باعث اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر گلی گلی کوچہ کوچہ اپنے فرائض انجام دینے والے ان مرد و زن پولیو ورکرز اور پولیس اہل کاروں کی جرأت، جذبۂ خدمت اور قربانیوں کو بھی خراجِ تحسین و عقیدت پیش کیا جانا چاہئے، جن کا تعلق بالعموم کم آمدنی والے گھرانوں سے ہوتا ہے۔ علاوہ ازیں، اس بات سے بھی انکار قطعاً نہیں کیا جاسکتا کہ پولیو کے خاتمے جیسے اہم دیگر سب اقدامات بھی لامحالہ حکومتی سطح پر کئے گئے فیصلوں ہی کے نتیجے میں عمل میں آتے ہیں، لہٰذا آدابِ سفارت کاری (پروٹوکول) کا تقاضہ یہ تھا کہ محترم بِل گیٹس صاحب ذاتی حیثیت میں ہمارے محبوب آرمی چیف سے براہ راست مخاطب ہونے کی بجائے تحسین و خیر سگالی کا مذکورہ پیغام متعلقہ حکومتی چینل کے توسط سے پوری قوم کے نام ارسال فرماتے۔ اس سے بِل گیٹس کے لئے پاکستانی قوم کے دلوں میں پائے جانے والی عقیدت اور احترام میں اضافہ ہوتا، بلکہ کہیں بہتر تو یہ بھی ہوتا کہ آرمی چیف، بِل گیٹس کا شکریہ ادا کرنے کے بعد شائستہ الفاظ میں موصوف کی توجہ مذکورہ پروٹوکول کو ملحوظ رکھنے کی طرف مبذول بھی فرمادیتے تو نہ صرف حکومت اور افواجِ پاکستان کے ایک صفحے پر ہونے کے ناگزیر قومی بیانیے کو تقویت ملتی، بلکہ دنیا کی نظر میں وطن عزیز اور محبوب افواج کی ساکھ بھی بلند تر ہوتی۔۔۔ پاکستان پائندہ باد!(ندیم اصغر، لندن، یوکے)

مزید :

رائے -اداریہ -