سیاست عزت کیلئے کروں گا ، ہوسکتا ہے نواز شریف سے میری راہیں جدا ہو اجائیں : چودھری نثار

سیاست عزت کیلئے کروں گا ، ہوسکتا ہے نواز شریف سے میری راہیں جدا ہو اجائیں : ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(صباح نیوز)مسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنماء چودھری نثار نے کہا ہے کہ نوازشریف اہل نہیں تھے کہ پارٹی سربراہ بن سکیں،ان کا بوجھ 34سال تک اٹھایا، نواز شریف کا مجھ پر نہیں بلکہ میرا ان پر اور ان کے خاندان پر قرض ہے جبکہ ہو سکتا ہے میری نواز شریف سے راہیں جدا ہو جائیں۔ انہیں اس وقت مسلم لیگ ن کا صدر بنایا جب کوئی جنرل کونسل کے اجلاس کیلئے جگہ دینے کیلئے تیار نہیں تھا۔تفصیلات کے مطابق چکری میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے چودھری نثار نے کہا ہے کہ عوام تیار ہو جائیں اور ٹکٹو ں والوں اور بے ٹکٹوں کو دریامیں بہا دیں۔ انہوں نے کہا کہ 25جولائی کو عوام میرے حق میں گھروں سے نکلیں گے اور مخالفین کو عبرتناک شکست دینگے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے ساتھ 34سال تک دل کا تعلق رہا ،میں ایک ایک لفظ عوام اورمیڈیا کے سامنے رکھنا چاہتا ہوں لیکن بیگم کلثوم نواز کی علالت کے باعث میرے دل نے اس کی اجازت نہیں دی جبکہ میری خاندانی اور علاقائی اقدار بھی اس اقدام کی اجازت نہیں دیتیں۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ( ن) کا سفر جب شروع ہوا تو حالات اتنے خراب تھے کہ کوئی ہمیں جنرل کونسل کی میٹنگ کیلئے جگہ دینے کو تیار نہ تھا ۔ صدر پاکستان اور سٹیبلشمنٹ مخالف تھی مگرہم نے راولپنڈی کے ایک گھر میں جنرل کونسل کی میٹنگ کرکے نواز شریف کو پارٹی صدربنایا جوہم سے زیادہ سیاسی شعور کے مالک نہیں تھے ۔چودھری نثار نے کہا کہ اُن دنوں کسی ایک کو آگے کرنا تھا تو فیصلہ کیا کہ نواز شریف کو آگے کرنا چاہیے ورنہ وہ سینئر ارکان کی موجودگی میں پارٹی سربراہی کی اہل نہیں تھے اور نہ ہم سے زیادہ سیاسی سوچ کے مالک تھے۔ انہوں نے کہا کہ میں اللہ تعالی، قوم اور نواز شریف سب کے سامنے جوابدہ ہوں، کسی کے پیچھے ہاتھ باندھ کرکھڑا نہیں ہوا،چاپلوسی نہیں کی، کوئی کام اپنے اصولوں کے خلاف نہیں کیا، سر اٹھا کر سیاست کی، میں نہ بکنے والا ہوں نہ ضمیر فروش ہوں،سیاست عزت کے لیے کروں گا۔انہوں نے کہا کہ اقتدار ملا توفیکٹر ی نہیں لگائی بلکہ اپنے اقتدار کو عوام کی خدمت کیلئے وقف کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ جو میں نے برداشت کیا ہے قوم کے سامنے لاناچاہتا ہوں ، 34سال نواز شریف کا بوجھ اٹھایا اور میرے علاقے سے ایک شخص بھی نواز شریف کے ساتھ نہیں ۔نواز شریف میرا مقروض ہے مجھ پر اس کا کوئی قرض نہیں ۔انہوں نے کہا کہ آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ مریم نواز سے اختلافات کیا تھا اور قوم کو یہ بھی بتانا چاہتا ہوں کے میرے ساتھ نواز شریف اور ان کی بیٹی کا رویہ کیسا رہا ہے ۔چودھری نثار نے مزید کہاکہ میں نے کبھی سیٹ ایڈ جسٹمنٹ نہیں کی لہٰذا میرے حلقے کے عوام پریشان نہ ہوں باعزت راستہ نکالوں گا ۔
چودھری نثار

مزید :

صفحہ اول -