این اے 131 میں کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال، عمران خان ریٹرننگ افسر کے سامنے پیش نہیں ہوئے
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان این اے 131 میں کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے دوران آر او کے سامنے پیش نہ ہوئے،آر او نے عمران خان کے کاغذات پرفیصلہ محفوظ کر لیا جو دوپہر2بجے سنایا جائےگا۔
تفصیلات کے مطابق این اے 131 میں عمران خان کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال ہوئی ، تحریک انصاف کے چیئرمین طلبی کے باوجود پیش نہ ہوئے،آراونے استفسارکیا کہ عمران خان صاحب تشریف لائے ہیں؟ ،اس پرعمران خان کے وکیل نے کہا کہ عمران خان خود پیش نہیں ہوئے بلکی تحریری وضاحت بھیجی ہے،عمران خان کے وکیل پیر مسعود چشتی نے تحریری درخواست پڑھ کر سنائی،وکیل کا کہناتھا کہ عمران خان عام انتخابات کیلئے ٹکٹس کے معاملے پرمصروف ہیں،پارٹی کے اجلاس بھی چل رہے ہیں جس وجہ سے پیش نہیں ہوسکتے۔
چیئرمین تحریک انصاف کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر دلائل دیتے ہوئے وکیل پیر مسعود چشتی نے کہا کہ اسحاق ڈار اشتہاری تھے ،ان کے کاغذات منظور ہوئے،بیگم کلثوم نواز کی عدم موجودگی میں کاغذات منظورہوئے، شہبازشریف کے بیرون ملک ہونے کے باوجود کاغذات منظورہوئے،استدعا کی جاتی ہے کہ عمران خان کوحاضری سے استثنیٰ دیاجائے،ریٹرننگ افسر نے عمران خان کے کاغذات پرفیصلہ محفوظ کر لیا جودوپہر2بجے سنایا جائےگا۔