فیفا ورلڈ کپ 2018،جاپان نے کولمبیا کو1-2سے شکست دے دی
ماسکو(ڈیلی پاکستان آن لائن )فیفا ورلڈ کپ میں جاپان نے کو لمبیا کو شکست دے کر فاتحانہ آغاز کر لیا ۔گروپ ایچ کے میچ میں جاپان اور کولمبیا مدمقابل آئے، کھیل کے تیسرے ہی منٹ میں کولمبیا کو بڑا دھچکا اس وقت لگا جب ریفری نے جاپان کے کھلاڑی شنجی کاگاوا کا شاٹ اپنے ہاتھ سے روکنے پر کولمبیا کے اہم مڈفیلڈر کارلوس سینشز مورینو کو ریڈ کارڈ دکھا کر گراونڈ سے باہر بھیج دیا گیا۔
کارلوس سینشز کو ریڈ کارڈ دکھائے جانے کے بعد کولمبیا کو بقیہ پورا میچ 10 کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنا پڑا اور اس کا بھرپور فائدہ جاپان نے اٹھایا۔کارلوس سینشز کے ریڈ کارڈ کے عوض جاپان کو پینلٹی کک دی گئی جس پر جاپانی مڈفیلڈر شنجی کاگاوا نے گیند کو جال کی راہ دکھا کر اپنی ٹیم کو 0-1 کی برتری دلادی۔ یہ گول کھیل کے چھٹے منٹ میں ہوا۔ابتدائی طور پر دھچکا لگنے کے باوجود کولمبیا کے کھلاڑیوں نے ہمت نہیں ہاری سخت محنت جاری رکھی جس کا صلہ انہیں 39 ویں منٹ میں مل گیا جب مڈفیلڈر یوآن فرنینڈو کوئنٹیرو فری کک پر گول کرکے جاپان کی سبقت ختم کردی۔کھیل کے 70 ویں منٹ میں جاپان نے مڈفیلڈر شنجی کاگاوا کی جگہ تجربہ کار کھلاڑی کیسوکے ہونڈا کو طلب کیا جنہوں نے 73 ویں منٹ میں سٹرائیکر یویا اوساکو کو بہترین پاس دیا جسے انہوں نے گول میں تبدیل کرنے میں کوئی کوتاہی نہیں کی۔اس گول کے ساتھ جاپان کی برتری 1-2 ہوگئی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی اور جاپان یہ میچ جیت کر تین پوائنٹس کا حقدار ٹھہرا۔