”نوازشریف اور چوہدری نثار کی دوستی اختتام پذیر ہو گئی کیونکہ ۔۔۔“ رانا ثنااللہ نے تہلکہ خیز دعویٰ کر دیا ، کھلبلی مچا دی
فیصل آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن ) مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ چوہدری نثار کسی کو بے عزت کرنے کی کوشش میں خود بے عزت ہوں گے جبکہ چوہدری صاحب اور میاں صاحب کی دوستی کل اختتام پذیر ہوگئی۔
فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو میں رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ کل جس چوہدری نثار کو جیسے دیکھا اس سے پہلے نہیں دیکھا، انہیں راز فاش کرنے والی بات سے کچھ حاصل نہیں ہوگا، اگر چوہدری صاحب کسی کو بے عزت کرنے کی کوشش کریں گے تو خود کو بے عزت کریں گے جب کہ چوہدری صاحب اور میاں صاحب کی دوستی کل اختتام پذیر ہوگئی۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ ڈیٹا چوری کرنے کا ریکارڈ پی ٹی آئی کا ہے، ریحام خان کی کتاب بھی انہوں نے چوری کی، اگر نادرا یا کوئی بھی ذمہ دار ہو گا تو اسے بھگتنا پڑے گا جب کہ الیکشن کمیشن کی تحقیقات میں سب چیزیں سامنے آجائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایجنسی کا بغل بچہ بن کر اگر کوئی سمجھتا ہے کہ وزیراعظم بن جائے گا تو ممکن نہیں، ایجنسیوں کا بغل بچہ بن کر اب کوئی حکمران نہیں بن سکتا، 25 جولائی کو ایسے لوگوں کا کریا کرم ہوجائے گا۔