حکومت اپوزیشن سے خوفزدہ ہوگئی ہے ، سینیٹر سسی پلیجو
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)پیپلز پارٹی کی سینیٹر سسی پلیجو نے کہاہے کہ پتہ نہیں کس وجہ سے حکومت اپوزیشن سے خوفزدہ ہوگئی ہے، اب ایوان میں خود حکومت احتجاج کررہی ہے ، ماحول بگاڑ کررکھ دیا گیا۔
جیونیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“میں گفتگو کرتے ہوئے سسی پلیجو نے کہا کہ جس طرح ہمارے لیڈروں کوسیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہاہے ، وزیر اعظم خود کہہ رہے ہیں کہ پروڈکشن آرڈر جاری نہ کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کھل کر سیاسی انتقام کانشانہ بنانے پر اتر آئی ہے یعنی جو بنیادی حق ہے اپوزیشن کو وہ بھی نہیں دیا جارہا۔
ان کاکہنا تھا کہ ہم عدالت کے سامنے بار بار پیش ہوتے رہے ہیں، آصف زرداری اور فریال تالپور باربار عدالت میں پیش ہوتے رہے ہیں ، پتہ نہیں کس وجہ سے حکومت اپوزیشن سے خوفزدہ ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب ایوان میں خود حکومت احتجاج کررہی ہے ، ماحول بگاڑ کررکھ دیا گیا ، یہ جو بو آرہی تھی اب کھل کر آگئی ہے کہ حکومت کی رگ رگ میں سیاسی انتقام بسا ہوا ہے ۔