طلبا اور افسران کی یو ایس فنڈڈ میرٹ اور نیڈز بیسڈ سکالر شپ کی تقریب میں شرکت
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )امریکی قونصل جنرل کولین کرینویلگی نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اور 70سے زائد ذہین پاکستانی طلبا کے ہمراہ امریکی حکومت کی مالی معاونت سے جاری شدہ میرٹ اینڈ نیڈر بیسڈ سکالر شپ پروگرام کی تقریب میں شرکت کی ۔یہ پروگرام ذہین اور مستحق طلبہ کی مالی معاونت کے لیے تربیت دیا گیا ہے جنہیں اعلیٰ تعلیم جاری رکھنے میں مشکلات کا سامنا ہے ۔
اس موقع پر قونصل جنرل کولین کرینو یلگی نے کہا کہ یہ پروگرام امریکہ اور پاکستان کے درمیان اعلیٰ تعلیم کے سلسلے میں قائم طویل اور پائیدارشراکت کی شاندار مثال ہے ۔ہمیں یقین ہے کہ اس سکالر شپ کے نتیجے میں لاتعداد ذہین اور قابل طلبہ ایک خوشحال مستقبل تشکیل دیں گے ۔
یہ پروگرام ایچ ای سی ،امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ)اور 30پاکستانی یونیورسٹیوں کے درمیان شرکت سے قائم ہوا۔سکالرشپ میں تعلیم ،رہائش اور کتابیں شامل ہیں ۔روز مرہ کے اخراجات کے لیے وظیفہ بھی دیا جاتا ہے جبکہ مالی امداد کا انتظام اور کیرئیر ڈویلپمنٹ پر مشتمل خدمات بھی اس کا حصہ ہیں ۔
اس موقع پر گورنر پنجاب نے امریکہ کے پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کو فروغ دینے پر خراج تحسین پیش کیا ،خاص طور پر 50فیصد وظیفے طالبات کے لیے مختص کرنے کے امر کی تعریف کی ۔
اس موقع پر ایچ ای سی کے چیئر پرسن ڈاکٹر طارق بنوری نے کہا کہ سکالرشپ پروگرام ان شعبوں پر بطور خاص مرکوز ہے جو پاکستانی معیشت کی بہتری کے لیے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں ،بشمول زراعت ،بزنس،انجینئرنگ ،میڈیکل اور سوشل سائنسز ۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد ذہین طلبہ ،فکلٹی اور ریسرچرز کے لیے ایسے مواقعوں کی تشکیل دینا ہے جو ایک متحرک معاشرے کی تعمیر میں مدد گار ثابت ہو سکیں ۔2004میں اپنے قیام سے ،ایم این بی ایس پی 5300سے زائد مستحق نوجوانوں کو پاکستان بھر میں سکالرشپس دے چکا ہے ۔پنجاب بھر میں اس پروگرام کے تحت 10یونیورسٹیوں کے اشتراک سے اب تک 2300سکالرشپس دئیے جا چکے ہیں ،جن میں یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز اور اس کے منسلکہ میڈیکل کالجز کے طلبا اور طالبات بھی شامل ہیں ۔