اب تک ایمنسٹی سکیم سے کتنے پاکستانیوں نے فائدہ اٹھایا اور کتنی رقم جمع ہوئی ، تفصیلات جان کر عمران خان کو بھی یقین نہ آئے
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیراعظم عمران خان کی وارننگ اور حکومت کی مسلسل کوششوں کے بعد بھی ایمنسٹی سکیم مطلوبہ نتائج حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو پا رہی ہے اور اب تک مجموعی طور پر 250 سے بھی کم پاکستانیوں نے اس سے فائدہ اٹھایا ہے جس کے ذرریعے 450 ملین روپے کی ادنیٰ کی رقم ہی اکھٹی ہو پائی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق ایمنسٹی سکیم سے ایک مہینے میں حاصل ہونے والے نتائج نہایت افسوس کن ہونے کے باعث ایف بی آر نے تاحال اعدادو شمار پارلیمنٹرینز اور وفاقی کابینہ کے سامنے پیش نہیں کیے ہیں تاہم فیڈر ل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے آئندہ ہفتے تفصیلات فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیاہے ۔
ایکسپریس ٹریبیون نے اپنے ذرائع کے حوالے سے کہاہے کہ ایمنسٹی سکیم کے نتائج نہایت ہی برے ہیں اور لوگوں نے وزیراعظم عمران خان کی اپیل پر بھی اپنے اثاثے ظاہر نہیں کیے ہیں اور اب تک صرف 250 لوگ ہی سامنے آئے ہیں جنہوں نے اپنی بلیک منی کو وائٹ کرتے ہوئے 450 ملین روپے ادا کیے ہیں ۔ تاہم وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظةر نے کہاہے کہ انہیں امید ہے کہ آئندہ ہفتے سے ایمنسٹی سکیم کے نتائج اچھے آنا شروع ہو جائیں گے کیونکہ انہیں ٹیکس بارز اور ریجنل ٹیکس آفسزسے حوصلہ افزاءرد عمل موصول ہو رہاہے ۔
ایمنسٹی سکیم کی معیات 30 جون کو ختم ہو رہی ہے اور اس حوالے سے ایف بی آر چیئرمین شبر زیدی نے واضح طور پر قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے فنانس کو بتا دیاہے کہ سکیم کی تاریخ میں جون 30 کے بعد توسیع ممکن نہیں ہے کیونکہ جولائی سے آئی ایم ایف کا پروگرام شروع ہونے جارہاہے ۔
اس سے قبل نوازشریف کے دور حکومت میں بھی ایمنسٹی سکیم لائی گئی تھی جس میں 84 ہزار افراد نے اپنے 2.4 ٹریلین روپے کے اثاثے ظاہر کرتے ہوئے 124 بلین روپے کے ٹیکسز ادا کیے ۔