پشاور،سی ٹی ڈی کی کارروائی،کالعدم تنظیم کا دہشتگرد گرفتار
پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پشاور میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے دہشتگرد کو حراست میں لے لیا جبکہ دوسری کارروائی میں بڑی تعدادمیں اسلحہ اورمارٹرگولے برآمدکرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پشاور میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کے دوران جنرل بس سٹینڈسے کالعدم تنظیم کے دہشتگردکو گرفتارکرلیا،سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ملزم 2008 میں پولیس پرحملے میں ملوث تھا،حملے میں 3 پولیس اہلکارزخمی ہوئے تھے اورملزم کی گرفتاری پر 5 لاکھ روپے انعام تھا، دہشتگرد کو حراست میں لے کرنامعلوم مقام پر منتقل کردیاگیا۔
دوسری جانب حساس ادارے اورپولیس نے متنی سپین میں کارروائی کے دوران بڑی تعدادمیں اسلحہ اورمارٹرگولے برآمدکرلئے،پولیس کے مطابق مارٹرگولے دہشتگردی کی غرض سے چھپائے گئے تھے،ایس پی صاحبزادہ سجاد نے کہا کہ کارروائی کشن گڑھ روڈپرکی گئی،کارروائی میں 29 مارٹرگولے برآمدہوئے، ملزموں کی گرفتاری کیلئے کوششیں جاری ہیں۔