قومی کھلاڑیوں کے شیشہ سکینڈل کے بعد افغان کھلاڑیوں کا ’جھگڑا سکینڈل‘ سامنے آ گیا، یہ واقعہ کب اور کہاں پیش آیا؟ تفصیلات منظرعام پر آ گئیں
مانچسٹر (ڈیلی پاکستان آن لائن) آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کے دوران مانچسٹر میں پاکستانی کرکٹرز کے شیشہ سکینڈل کے بعد افغان کھلاڑیوں کے ریسٹورنٹ میں جھگڑے کا واقعہ رونماہوا ہے جس کی پولیس نے بھی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مانچسٹر میں یہ واقعہ اسی علاقے میں پیش آیا جہاں شعیب ملک اور دیگر کرکٹرز کی ویڈیو منظر عام پر آئی تھی۔ منگل کی شام پریس کانفرنس میں جب افغان کپتان گلبدین نائب سے اس واقعے کے بارے میں صحافیوں نے سوال کیا تو انہوں نے لاعلمی ظاہر کی اور کہا کہ اس بارے میں سیکیورٹی آفیسر یا منیجر بتا سکتے ہیں۔
جب ان سے مزید استفسار کرنے کی کوشش کی گئی تو وہ غصے میں آ گئے اور پریس کانفرنس سے واک آﺅٹ کرنے کی دھمکی دیدی۔ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق انگلینڈ کے میچ سے ایک روز قبل رات کو افغانستان کے کھلاڑی ایک ریسٹورنٹ میں کھانا کھانے گئے جس دوران ایک شخص نے ان کی ویڈیو بنانے کی کوشش کی جس پر جھگڑا ہوا اور پولیس کو طلب کر لیا گیا۔
رات سوا گیارہ بجے پیش آنے والے واقعے کے بعد کھلاڑی ریسٹورنٹ سے چلے گئے۔ گریٹر مانچسٹر پولیس نے واقعے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں لیکن کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ واضح رہے کہ ٹورنامنٹ میں افغان ٹیم کو اب تک کھیلے گئے پانچوں میچز میں شکست ہوئی ہے۔