برطانیہ کا پاکستان کیساتھ برآمدات کا حجم بڑھانے کا اعلان

برطانیہ کا پاکستان کیساتھ برآمدات کا حجم بڑھانے کا اعلان
برطانیہ کا پاکستان کیساتھ برآمدات کا حجم بڑھانے کا اعلان

  


لندن(صباح نیوز)برطانیہ نے پاکستان کیساتھ برآمدات کا حجم 400 ملین سے بڑھا کرایک بلین ڈالرز کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے لندن میں برطانوی ہم منصب جیریمی ہنٹ سے ملاقات کی   ملاقات میں دو طرفہ تجارت، بین الاقوامی امور پر تعاون، علاقائی کشیدگی کے خاتمے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل اور غربت کے خاتمے کے حوالے تبادلہ خیال کیا گیا۔ برطانیہ نے پاکستان کے ساتھ برآمدات کا حجم 400 ملین ڈالر سے بڑھا کرایک بلین کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان ان دو طرفہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے پلواما واقعہ کے بعد پاک بھارت کشیدگی کم کروانے اور خطے میں امن واستحکام کیلئے برطانیہ کے مثبت کردار کو سراہا۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پاکستان میں برٹش ائیر لائن کی سروسز بحال کرنے پر برطانوی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا بھی کیا۔دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور برطانیہ کے مابین تجارتی، ثقافتی، تعلیمی، سیاحتی اور سیکورٹی سے متعلقہ امور پر دو طرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں صنعتی انجینئرنگ، مواصلات، توانائی اور زراعت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں، برطانوی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کرکے ہماری مثبت پالیسیوں سے استفادہ کر سکتی ہیں۔دونوں وزرائے خارجہ کے مابین اسٹریٹجک شراکت داری اور دونوں ممالک کے مابین اعلی سطح وفود کے تبادلوں کے حوالے سے بھی خصوصی گفتگو ہوئی۔ملاقات کے بعد پاکستان کے ہم منصب کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے برطانوی وزیر خارجہ جیرمی ہنٹ کا کہنا تھا کہ  مجھے بہت خوشی ہوئی کہ پاکستان کے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی لندن تشریف لائے -ہم نے پاکستان اور برطانیہ کے مابین اسٹریٹجک شراکت داری پر تفصیلی گفتگو کی ۔

برطانوی وزیر خارجہ  نے ورلڈ کپ میں پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے لئے نیک تمناوں کا اظہار کیا،انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین عوامی سطح پر اور حکومتی سطح پر دیرینہ اور گہرے تعلقات ہیں ہمارے درمیان دو طرفہ تجارت، بین الاقوامی امور پر تعاون ، علاقائی کشیدگی کے خاتمے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل ،اور غربت کے خاتمے کے حوالے انتہائی مفید گفتگو ہوئی برطانوی وزیر خارجہ نے کہا کہ مجھے یہ بتاتے ہوئے انتہائی مسرت ہورہی ہے کہ برطانوی وزیر برائے بین الاقوامی تجارت نے پاکستان کے ساتھ برآمدات کے حجم کو 400ملین سے بڑھا کر ایک بلین  کرنے کا فیصلہ کیا ہے انہو ں نے کہا کہ ہم نے برٹش ائیر ویز کے اسلام آباد سے لندن براہ_راست  فلائیٹ آپریشن کی بحالی کے حوالے سے بھی گفتگو کی ہے ،یہ دونوں ممالک کیلئے اچھا شگون ہو گا برطانوی وزیر خارجہ  نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین دیرینہ تعلقات ہیں جو گزشتہ کئی دہائیوں پر محیط ہیں آج ہم نے اسی تعلق کا اعادہ کیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ  مجھے پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے مل کر بہت خوشی ہوئی اس سے قبل بھی ہماری مختلف مواقعوں پر ملاقات اور تبادلہ  خیال ہوا ،ہمارے درمیان اور دونوں ممالک کے مابین بہترین تعلقات ہیں ،اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سب سے پہلے برطانوی وزیر خارجہ کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں کہ انہوں نے اپنی گوناگوں مصروفیات سے وقت نکالا   ہماری ملاقات میں بہت سے اہم موضوعات پر تبادلہ خیال ہوا جن میں علاقا ئی  امور ، افغان امن عمل شامل ہیں ،پلوامہ واقعہ کے بعد خطے میں کشیدگی سے نمٹنے کیلئے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے جو اقدامات کیے اس کے حوالے سے بھی میں نے برطانوی وزیر خارجہ کو آگاہ کیا ۔

مخدوم شاہ محمود قریشی  نے کہا کہ ہم نے کرپشن اور منی لانڈرنگ کے انسداد ، دہشتگردوں کی مالی معاونت کی روک تھام اور ایف اے ٹی ایف کے تحت کیے گئے اقدامات پر بھی سیر حاصل گفتگو کی- انہوں نے کہا کہ ہم نے پاک برطانیہ دو طرفہ تجزیاتی مذاکرات جو کہ 2018 میں ہونا تھے اور بعض وجوہات کی بنا پر نہیں ہوسکے ان پر بھی گفتگو کی پاکستان اور برطانیہ کے مابین اقتصادی اور تجارتی تعاون دو طرفہ تعلقات کی نوعیت سے مطابقت نہیں رکھتا اسے بڑھانا چاہئے  ہمارے درمیان سرمایہ کاری اور دو طرفہ تجارت کو بڑھانے کے بہترین مواقع موجود ہیں  پاکستانیوں کی کثیر تعداد برطانیہ میں مقیم ہے جو دونوں ممالک کے مابین اقتصادی ،ثقافتی تعلقات کے فروغ دینے میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی  نے  کہاکہ میری اس سے قبل ہوم سیکرٹری سے ملاقات ہوئی اور ہم نے ویزہ ایشو ،منی لانڈرنگ سمیت بہت سے معاملات پر تبادلہ  خیال کیا۔

مزید : قومی