وزیراعلٰی عثمان بزدار کا آکسیجن سلنڈر کی قیمتوں میں اضافے اور ذخیرہ اندوزی پر اظہار برہمی

          وزیراعلٰی عثمان بزدار کا آکسیجن سلنڈر کی قیمتوں میں اضافے اور ذخیرہ ...

  

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے آکسیجن سلنڈر کی قیمتوں میں اضافے اورذخیرہ اندوزی کیساتھ ساتھ پرائیویٹ لیبارٹریز کی جانب سے کورونا ٹیسٹ کیلئے مختلف نرخ مقررکرنے کاسخت نوٹس لے لیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے کہا کہ صوبے میں آکسیجن سلنڈر کی مقرر کردہ نرخوں پر دستیابی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے جبکہ ہنگامی حالات میں آکسیجن سلنڈرکی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہوگی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پرائیویٹ لیبارٹریز کیلئے کورونا ٹیسٹ کرنے کی یکساں قیمت مقرر کرنے کے ضمن میں صوبائی وزیرصحت اور سیکرٹری سپیشلائزڈہیلتھ کیئرومیڈیکل ایجوکیشن کو ہدایات جاری کردی ہیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پرائیویٹ لیبارٹریز کو کوروناٹیسٹوں کے نرخوں کے معاملے پر من مانی کی اجازت نہیں دی جائے گی،محکمہ صحت اورانتظامی افسر اس ضمن میں فوری اقدامات اٹھا کرعوام کو ریلیف دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے لہٰذا پرائیویٹ لیبارٹریز کو عوام کو لوٹنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے مختلف اضلاع کے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی اوراپنے حلقوں اورعلاقوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے جاری منصوبوں کی خود نگرانی کررہا ہوں۔ حکومت پنجاب پورے صوبے میں وسائل کی منصفانہ تقسیم اور ترقی کے یکساں مواقع کی فراہمی پر یقین رکھتی ہے- اراکین پنجاب اسمبلی میرے دست و بازوہیں اوران کے حلقوں کے مسائل پہلے بھی حل کیے، آئندہ بھی کریں گے، منتخب نمائندوں کے جائزکام ہر صورت ہوں گے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے کہا کہ کورونا کا پھیلاو کم کرنے کے لئے عوام کا بھرپور تعاون بے حد ضروری ہے، عوام ماسک پہنیں اور سماجی فاصلے کی پابندی کو اپنا شعار بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی زندگیوں کی حفاظت اور مریضوں کے علاج معالجے کیلئے وسائل میں کمی نہیں آنے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ امر افسوسنا ک ہے کہ اپوزیشن نے کورونا جیسی وباء کے دوران بھی سیاست چمکانے کی کوشش کی۔اپوزیشن رہنماؤں کے سینے میں دل ہے نہ دکھی انسانیت کی خدمت کا جذبہ۔ان عناصرکو خوف خداہے نہ عوام کی پرواہ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ غیر معمولی حالات میں انسانی زندگیوں پر پوائنٹ سکورنگ کرنیوالوں کو قوم کبھی معاف نہیں کریگی۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں غضنفرعباس چھینہ،سردارشہاب الدین خان،سردار محمد محی الدین خان کھوسہ،اعجاز خان،محمد اعجاز حسین،محمد عامر عنایت شاہانی، غلام علی اصغر خان،کرنل(ر)غضنفر عباس شاہ،تیمور علی لالی،بلال اصغر،محمد احسن جہانگیر،گلریز افضل گوندل، سلیم سرور جوڑا، محمد ارشد چودھری، ملک احمد علی اولکھ، میاں شفیع محمد اور آصف مجید شامل تھے۔چیف وہیپ رکن پنجاب اسمبلی عباس علی شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے بہاولپور پریس کلب کے صدرنصیر احمد ناصراورسیکرٹری ریاض احمد بلوچ نے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بہاولپور پریس کلب کیلئے10لاکھ روپے مالیت کا چیک دیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ موجودہ غیر معمولی حالات میں بھی صحافی برادری کے ساتھ کھڑے ہیں۔صحافی برادری کوتنہانہیں چھوڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ہر ڈویژن میں صحافی کالونی کے قیام کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔اس ضمن میں اراضی کی نشاندہی کیلئے متعلقہ کمشنرز کو ہدایات جاری کردی ہیں۔صدر بہاولپور پریس کلب نصیر احمدناصر نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو کلب کی اعزازی لائف ممبر شپ دی۔مزید برآں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے لائن آف کنٹرول پر نکیال اورباگسرسیکٹرزمیں شہری آبادی پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے4شہریوں کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ شہری آبادی کو نشانہ بنانا بھارتی فوج کا انتہائی بزدلانہ اور قابل مذمت فعل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے، پاک فوج بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے اور پاکستانی قوم اپنی بہادر مسلح افواج کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ساہیوال کے علاقے گلستان کالونی میں ایک ہی خاندان کے چار افراد کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آرپی او ساہیوال سے رپورٹ طلب کرلی۔انہوں نے کہا کہ مقتولین کے لواحقین کو ہر قیمت پر انصاف فراہم کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -