عمران فارو ق کے قتل کا حکم بانی متحدہ نے دیا ، تینوں قاتلوں کو عمر قید کا حکم، وقت اور صبر پر یقین ہے: اہلیہ
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں گرفتار تینوں ملزمان کو عمر قید کی سزا سنا دی گئی۔انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے ڈاکٹر عمران فاروق کیس کا مختصر فیصلہ سنایا۔ ویڈیو لنک کے ذریعے گرفتار ملزمان خالد شمیم، محسن علی اور معظم علی کی حاضری لگوائی گئی اور جج نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ آپ تینوں کے خلاف استغاثہ کیس ثابت کرنے میں کامیاب ہو گیا ہے۔عدالت نے ڈاکٹر عمران فاروق کے ورثا کو 10،10 لاکھ روپے معاوضہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا۔انسداد دہشت گردی کی عدالت نے عمران فاروق قتل کیس میں بانی ایم کیو ایم اور افتخار حسین کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے۔عدالت نے کیس میں اشتہاری ملزمان محمد انور اور کاشف کامران کے بھی دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کا 39 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کیا۔تفصیلی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ثابت ہوا عمران فاروق کو قتل کرنے کا حکم بانی متحدہ نے دیا، ایم کیو ایم لندن کے دو سینئر رہنماؤں نے یہ حکم پاکستان پہنچایا۔ ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو سے معظم علی نے قتل کیلئے محسن علی اور کاشف کامران کا انتخاب کیا۔ محسن علی اور کاشف کامران کو برطانیہ لے جا کر قتل کروانے کیلئے بھرپور مدد کی گئی۔ دوسری جانب ڈاکٹرعمران فاروق کی بیوہ شمائلہ فاروق نے کہاہے کہ دو چیزیں بہت طاقتور ہیں صبراور وقت، مجھے شروع سے اللہ پر یقین تھا جوبھی فیصلہ ہوا بہتر ہے۔شمائلہ فاروق نے کہا کہ عدالتی فیصلے پرمزید تبصرہ نہیں کرنا چاہتی، زندگی دکھ میں گزاررہی ہوں، اللہ دشمن کوبھی یہ وقت نہ دکھائے۔ادھر برطانوی ہائی کمیشن نے عمران فاروق قتل کیس کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج تحقیقات تکمیل کو پہنچ گئیں۔برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ برطانیہ اور پاکستان کی مشترکہ کارروائیوں کے بعد مجرموں کو سزا سنائی گئی۔ لندن کی میٹروپولیٹن کے ثبوت عدالتی کارروائی میں استعمال ہوئے۔محسن علی کو عمران فاروق کے قتل اور سازش کا مرتکب قرار دیا گیا جبکہ محمد کاشف کو بھی شریک مجرم کے طور پر سزا سنائی گئی۔ دونوں مجرموں کے خلاف تحقیقات کے دوران ایم کیو ایم سے تعلق ثابت ہوا۔ تحقیقاتی ٹیم نے تصدیق کی کہ قتل سیاسی وجوہات کی بنا پر ہوا۔
عمران فاروق