میمن گوٹھ کے مکینوں کوپانی، بجلی سمیت بنیادی ضروریات فراہمی کی جائیں: حافظ نعیم الرحمن

  میمن گوٹھ کے مکینوں کوپانی، بجلی سمیت بنیادی ضروریات فراہمی کی جائیں: حافظ ...

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے صوبائی و شہری حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع ملیر کے میمن گوٹھ کے مکینوں کو پانی، بجلی،گیس سمیت دیگر بنیادی ضروریات فراہم کی جائیں،عوام پہلے ہی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، شہر مسائلستان بنا ہوا ہے، اگر شہریوں کو درپیش مسائل کو حل نہ کیا گیا تو جماعت اسلامی متاثرین کے ساتھ مل کر بھرپور احتجاج کرے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نورحق میں ضلع ملیر کے علاقے میمن گوٹھ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفدمیں چیئر مین یونس مرزا،وائس چیئرمین محمد ریاست،لیگل ایڈوائزر امداد،ممبران اللہ بخش،مولا بخش چانڈیو،یاسر سکندر سمو،محمد فیاض،محمد نواز،عسکر علی اور ملک ظہیر اعوان شامل تھے۔اس موقع پر سابق ایم پی اے و ڈپٹی سکریٹری کراچی یونس بارائی، پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی کے جنرل سکریٹری نجیب ایوبی،سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ودیگر بھی موجود تھے۔وفد نے حافظ نعیم الرحمن کو بتایا کہ ہم درگاہ درمحمد شاہ سے ملحقہ سوسائٹی مراد میمن گوٹھ ملیر کے عرصہ دراز سے رہائشی ہیں،ہمارے علاقے میں بجلی، پانی اور نہ ہی گیس ہے، اس علاقہ میں روز مرہ ضروریات زندگی کی کوئی بھی سہولت موجود نہیں ہے،بنیادی مسائل کے حل کے لیے ہم نے یہاں کے منتخب نمائندوں کو درخواستیں بھی دیں لیکن اس کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہوتی،منتخب نمائندے نا خود مسائل حل کرتے ہیں اور نا ہی ہمیں مسائل حل کرنے دیتے ہیں۔وفد نے مزید بتایا کہ ہم جب کے الیکٹرک کے دفترمیں بجلی کے کنکشن کے لیے جاتے ہیں تو کے الیکٹرک کے افسران لاکھوں روپے مانگتے ہیں اور یہی حال سوئی سدرن گیس کمپنی کا بھی ہے۔وفد نے کہاکہ ہم سب کی جماعت اسلامی سے توقعات ہیں اور امید ہے کہ جماعت اسلامی مسائل کے حل کے لیے ہماری آواز بنے گی۔حافظ نعیم الرحمن نے وفد کومکمل تعاون اور حمایت کی یقین دہانی کرائی اورکہاکہ عوام ایسے لوگوں کو اقتدار میں لائیں جو ان کے مسائل کا ادراک اور انہیں حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔جماعت اسلامی نے ماضی میں بھی شہرکی بے لوث خدمت کی ہے اور ریکارڈ ترقیاتی کام کیے ہیں،عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں تاکہ شہر کراچی پھر سے ترقی کی جانب گامزن ہو۔#

مزید :

صفحہ آخر -