سندھ آنا اور وزیراعلیٰ سے ملاقات کیے بغیر چلے جانا وزیراعظم کی بدنیتی ہے،سندھ حکومت

سندھ آنا اور وزیراعلیٰ سے ملاقات کیے بغیر چلے جانا وزیراعظم کی بدنیتی ...

  

کراچی (آن لائن) سندھ حکومت نے وزیراعظم عمران خان کی صوبے کے صحافیوں سے گفتگو اور دورے پرردعمل میں کہا ہے کہ وزیراعظم سندھ آئے اور وزیراعلیٰ سے ملے بغیر چلے گئے، یہ سلیکٹڈ حکومت کی بدنیتی ہے، عمران خان پی ٹی آئی کے نہیں بلکہ پورے ملک کے وزیراعظم ہیں۔ وزیرزراعت اسماعیل راہو نے کہا کہ وزیراعظم نے کہا کہ وہ ٹڈی دل معاملے پر بھارت اور ایران سے رابطے میں ہیں، حکومت پڑوسی ممالک کے ساتھ ٹڈی دل کے اشو کو علاقائی سطح پر اٹھانے میں ناکام گئی ہے۔ ٹڈی دل کے حوالے سے پڑوسی ممالک کے ساتھ کوئی مشترکہ حکمت عملی ابھی تک سامنے نہیں آئی۔ وزیراعظم نے ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے ریگستانی علاقوں میں اسپرے کے لیے جہاز اور عملہ دینے کا اعلان کیوں نہیں کیا؟۔ سندھ کے کسان انتظار میں تھے کہ عمران خان ٹڈی دل کے خاتمے کے لئے فوری اقدامات کا اعلان کریں گے۔ افسوس ہے کہ عمران خان نے ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے اعلان نہ کرکے سندھ کے کاشتکاروں کو مایوس کیا۔ اسماعیل راہو نے کہا کہ ٹڈی دل سے سندھ کے 22 اضلاع متاثر ہیں لیکن وفاق نے ابھی تک ایریل اسپرے شروع نہیں کیا۔عمران خان آپ واقعی سیاست نہیں کررہے بلکہ آپ تو سندھ سے انتقام لے رہے ہیں۔ پی ٹی آئی کو ووٹ نہ دینے پر عمران خان نے سندھ کو مکمل نظر انداز کردیا ہے۔ افسوس تو اس بات کا ہے کہ ٹڈی دل کے مسئلے کو نہ پی ٹی آئی اور نہ ہی ان کے اتحادیوں نے اٹھایا۔ ٹڈی دل کے معاملے پہ ان کی خاموشی انتہائی قابل مذمت ہے۔ انہوں نے وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کا سندھ کا دورہ سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتوں کے لیے تھا۔ ان کو سندھ کی عوام سے کوئی لینا دینا نہیں۔ سندھ حکومت آج بھی چاہتی ہے کہ وفاق سے مل کر کام کرے مگر وزیراعظم کا ارادہ نہیں لگتا۔

اسماعیل راہو

مزید :

صفحہ آخر -