شہریوں کوکورونا سے بچانے کیلئے فرنٹ لائن پر مصروف عمل ہیں: آئی جی پنجاب

شہریوں کوکورونا سے بچانے کیلئے فرنٹ لائن پر مصروف عمل ہیں: آئی جی پنجاب

  

لا ہو ر (کر ائم رپو رٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر نے کہاہے کہ شہریوں کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کیلئے پولیس افسران و اہلکار اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیرصوبے کے تمام اضلاع میں فرنٹ لائن پر مصروف عمل ہیں۔فیلڈ افسران خود اپنی نگرانی میں سمارٹ لاک ڈاون کے حوالے سے جاری کی گئی حکومتی ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنا رہے ہیں تاکہ اس وبا کے پھیلاو کو ہر ممکن حد تک محدود کیا جاسکے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ کورونا وباء کے خاتمے کیلئے مختلف اداروں کا مشترکہ تعاون اور باہمی کوششیں وقت کی اہم ضرورت ہیں اور انہی کاوشوں کی بدولت پاکستانی قوم بہت جلد کورونا بحران سے نکلنے میں کامیاب ہوجائے گی۔ انہوں نے مزیدکہاکہ کورونا وائرس سے تحفظ کیلئے شہریوں کا ذمہ دارانہ رویہ اور احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل درآمد نہایت ضروری ہے اور اس حوالے سے پولیس فورس شہریوں کی حفاظت اور رہنمائی کیلئے اپنا موثر کردار ادا کرتی رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گز شتہ روز سنٹرل پولیس آفس میں اْخوت فاونڈیشن کے وفدسے ملاقات کے دوران کیا۔اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی آپریشنز انعام غنی اور ڈی آئی جی ویلفیئر شارق کمال صدیقی بھی موجود تھے۔ڈاکٹر امجد ثاقب کی جانب سے بھجوائے گئے اْخوت فاونڈیشن وفد کی قیادت محمد ابو بکر نے کی۔

دوران ملاقات محمد ابو بکر نے اْخوت فاونڈیشن نے کورونا وبا کیخلاف پنجاب پولیس کی قربانیوں اور کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ کوروناکے خلاف جدوجہد میں پنجاب پولیس کاعزم و حوصلہ اور جذبہ دیگر اداروں کیلئے قابل تقلید ہے۔ اس موقع پر انہوں نے اْخوت فاونڈیشن کی جانب سے پولیس ملازمین کے استعمال کیلئے 18ہزارحفاظتی ماسک فراہم کئے۔آئی جی پنجاب شعیب دستگیر نے حفاظتی سامان کی فراہمی پر اْخوت فاونڈیشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ صوبے کے مختلف پوائنٹس پر تعینات پولیس افسران و اہلکاروں کو روزانہ ہزاروں کی تعداد میں فیس ماسک استعمال کرتے ہیں اور اخوت فاونڈیشن کی جانب سے فراہم کئے گئے ماسک پولیس ملازمین کے تحفظ میں اہم کردار ادا کریں گے۔

مزید :

علاقائی -