طارق عزیز کی خدمات کبھی فراموش نہیں کی جاسکتیں،فنکار
لاہور(فلم رپورٹر)پاکستان شوبز انڈسٹری کا ایک بڑا نام طارق عزیزدنیا سے رخصت ہوئے۔شوبز کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات کا کہنا ہے کہ طارق عزیز کے انتقال کے باعث ایک خلاپیدا ہوگیا جسے پْر کرنا ناممکن ہوگا۔طارق عزیزکے دنیا سے رخصت ہونے پر موجودہ اداکار و گلوکار غمزدہ ہیں اور اپنے تعزیتی پیغامات کے ذریعے ’ان کے اہل خانہ سے تعزیت اور پی ٹی وی کیلئے ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کررہے ہیں۔سینئر اداکار محمد قوی خان کا کہنا ہے کہ آج ہمارا دیرینہ ساتھی ہمیں چھوڑ کر دنیا سے رخصت ہوگیا ہمارا طویل ساتھ ختم ہوگیا۔سینئر اداکارہ ریما خان نے کہا کہ طارق عزیز کا خلا پورا ہونا ممکن نہیں ہے اللہ تعالیٰ ان کو جنت میں اعلیٰ مقام عطاء فرمائیں۔سینئر اداکارہ عذرا آفتاب کا کہنا ہے کہ میں اپنے الفاظ کو دکھ میں بیان نہیں کرسکتی۔وہ بہترین انسان اور فنکار تھے۔اداکارہ ماورہ حسین نے اپنے پیغام میں لکھا کہ’میرے بچپن کو یادگار بنانے میں اہم کردار ادا کرنے والے طارق عزیزدنیا سے رخصت ہوگئے، اللہ آپ کو دائمی سکون عطا کرے۔ انہوں نے طارق عزیز کا معروف ڈائیلاگ ’دیکھتی آنکھوں اور سنتے کانوں کو طارق عزیز کا سلام بھی تحریر کیا۔سینئر اداکارہ شیبا بٹ کا کہنا ہے کہ مجھے فخر ہے کہ میں نے ان کے ساتھ بزم طارق عزیز میں کام کیا ہے میں آج جو دو الفاظ بول لیتی ہوں یہ ان ہی کی تربیت کا نتیجہ ہے۔گلوکار علی ظفر نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ہماری قوم اپنے ہیروز کو بہت جلد بھول جاتی ہے لیکن طارق عزیز کی شخصیت کبھی نہیں بھلائی جائے گی۔ انہوں نے لکھا کہ طارق عزیز کے ساتھ ہی ایک عہد بھی اختتام پزیر ہوا ہے، انہوں نے لکھا کہ طارق عزیز نے ناصرف ہمیں گفٹس بلکہ بہت سی یادیں بھی دی ہیں۔سینئر کامیڈین غفار لہری کا کہنا ہے کہ طارق عزیز ایک اکیڈمی کا نام ہے میں ان کی جدائی کا غم ساری عمر بھلا نہیں پاؤں گا میں نے ان سے بہت کچھ سیکھا ہے۔ معروف میزبان و اداکار واسع چوہدری نے اپنے ٹوئٹ میں طارق عزیز کو خراج عقیدت پیش کیا۔اداکارہ صبا قمر نے لکھا کہ وہ طارق عزیز کی وفات کی خبر سننے کے بعد شدید دل شکستہ ہیں۔شاہد حمید،شان،معمر رانا،شاہدہ منی،میگھا،ماہ نور،عباس باجوہ،ندا چوہدری،ہنی شہزادی،اسد نذیرڈاکٹر اجمل ملک،ملک طارق،ارشد چوہدری،ڈیشی راج،آفرین خان،آشا چوہدری،احسن خان،نیلم منیر،رزکمالی،وہاج خان،اسد مکھڑا،گڈوکمال،جہانزیب علی،ثمینہ بٹ،ناصر چنیوٹی،تابندہ علی،بابرہ علی،قیصر لطیف،ذیشان منیر،سلیم بزمی، لاڈا،ظفر عباس کھچی رضی خان نے کہا کہ کہاکہ طارق عزیز ایک ہیرا تھے جو عرصہ سال سے”نیلام گھر“اور پھر”طارق عزیز شو“ کو کامیابی سے چلا رہے تھے جسے پاکستان سمیت دیگر ممالک میں بھی بڑے شوق سے دیکھا جاتا تھا اور بہت سارے غیر ملکی چینلز نے ان کا فامرمیٹ بھی کاپی کیا تھا اللہ ان کی روح کو جنت کے باغوں میں رکھیں۔