18ویں ترمیم کو چھیڑنا ملکی سالمیت کیخلاف سازش ہے،اسفندیارولی خان

18ویں ترمیم کو چھیڑنا ملکی سالمیت کیخلاف سازش ہے،اسفندیارولی خان

  

پشاور(این این آئی)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیارولی خان نے کہا ہے کہ 18ویں ترمیم کو چھیڑنا ملک کی سالمیت کے خلاف ایک سازش ہے اور اس سازش کو اے این پی کسی بھی صورت کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ باچاخان مرکز پشاور سے جاری بیان میں اے این پی سربراہ اسفندیارولی خان نے کہا کہ عمران نیازی سیاست کے الف ب سے واقف ہی نہیں۔ اٹھارویں ترمیم کیلئے سیاسی جماعتوں کے منتخب افراد اور چھوٹے صوبوں نے مل کر انتھک محنت کی، قربانیاں دیں جس کے بعد ہی ایک متفقہ اور مشترکہ آئینی ترمیم عمل میں لایا گیا۔اگر اس ترمیم، صوبائی خودمختاری یا این ایف سی ایوارڈ کے خلاف کوئی بھی سازش ہوئی تو کورونا وبا کے باوجود عوامی نیشنل پارٹی میدان میں نکلے گی۔موجودہ حکومت اپنے وزراء اور مشیروں کے علاوہ کسی کو بھی انکے حقوق نہیں دے رہی اور اٹھارویں ترمیم پر تنقید سے موجودہ حکومت اپنی نااہلی و ناکامی کو چھپانے کی ناکام کوشش کررہی ہے۔ اسفندیارولی خان نے کہا کہ موجودہ حکومت اور انکے حواری ایک بار پھر مضبوط وفاق کا تجربہ کرنا چاہتی ہے لیکن تاریخ سے ناواقف عمران نیازی کو شاید معلوم ہی نہیں کہ اس قسم کے تجربے سے ملک دو لخت ہوگیا تھا۔ مضبوط صوبے ہی مضبوط پاکستان کی ضمانت ہے اور یہ بات کپتان کے ذہن میں نہیں آسکتی۔

اسفندیارولی خان

مزید :

صفحہ آخر -