مشیر بلدیات کی سولرائز یشن کی 20سکیموں میں غفلت برتنے پر عملہ کو کام روکنے کی ہدایت
پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے بلدیات کامران بنگش نے لوکل گورنمنٹ مردان آفس کی جانب سے سولرائزیشن کی20 سکیموں کی ٹینڈرنگ کے عمل میں غفلت برتنے پر تمام عملے کو اپنے عہدوں پر کام روکنے کی ہدایت کر دی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ خیبرپختونخوا کو ہدایات جاری کرتے ہوئے معاون خصوصی کامران بنگش نے ریمارکس دئیے کہ محکمہ بلدیات میں موجود کالی بھیڑیوں کے خلاف عوامی شکایات پر بروقت کاروائی کا عمل جاری رکھا جائے۔ کیونکہ عوامی فلاح و بہبود کے کاموں میں کسی قسم کی کوتاہی برادشت نہیں کی جائے گی۔ لوکل گورنمنٹ آفس مردان میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کی سربراہی میں سولرائزیشن کی سکیموں میں کوتاہی برتنے پر اپنی تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے معاون خصوصی بلدیات نے کہا کہ متعلقہ اہلکاروں کو اپنے عہدوں سے ہٹانے کی ہدایات ڈی جی لوکل گورنمنٹ کو جاری کر دی گئی ہیں۔ کیونکہ متعلقہ افسران کے متعلق ڈائریکٹر ٹیکنیکل محکمہ بلدیات نے انکوائری مکمل کی ہے۔ ابتدائی انکوائری کے مطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے سولرائزیشن کے20سکیموں کی ٹینڈرنگ کی، قوائد و ضوابط کے برعکس ویب سائٹ پر خالی بل آف کوانٹیٹیز (بی۔ او۔ کیو) ڈالے گئے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ ٹینڈر کھولنے کی تاریخ بھی مقررہ تاریخ سے بدلی گئی، ٹینڈر ۹ جون کی بجائے ۸ جون کو کھولا گیا۔ معاون خصوصی نے مزید کہا کہ انکوائری رپورٹ کے مطابق متعلقہ سولرائزیشن پراجیکٹ کے لئے 8کروڑ 58لاکھ روپے کا ٹینڈر جاری کیا گیا تھا۔ جبکہ متعلقہ افسران نے انکوائری کے دوران انکوائری افسران کو تسلی بخش جواب بھی نہیں دئیے۔ انہوں نے کہاکہ ابتدائی انکوائری کی بنیاد پر تمام ملوث عملے کو او ایس ڈی بنا دیا گیا ہے۔ جبکہ فائنل انکوائری کے بعد تادیبی کاروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔