پابندی کے باوجود شادی،کورونا ایس او پیز کی دھجیاں اڑانے والوں میں حکومتی و اپوزیشن جماعت کے اراکین اسمبلی بھی شامل

پابندی کے باوجود شادی،کورونا ایس او پیز کی دھجیاں اڑانے والوں میں حکومتی و ...
پابندی کے باوجود شادی،کورونا ایس او پیز کی دھجیاں اڑانے والوں میں حکومتی و اپوزیشن جماعت کے اراکین اسمبلی بھی شامل

  

مظفرگڑھ(ڈیلی پاکستان آن لائن) مظفر گڑھ میں پابندی کے باوجود شادی کی بڑی تقریب کاانعقادکورونا ایس او پیز کی دھجیاں اڑانے والوں میں حکومتی و اپوزیشن جماعت کے  اراکین اسمبلی بھی شامل ہوگئے۔

نجی ٹی وی جیونیوز کے مطابق مظفرگڑھ میں کورونا ایس او پیزکی خلاف ورزی کرتے ہوئے شادی کی بڑی تقریب منعقد  کی گئی جس میں اراکین اسمبلی سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

رپورٹ کے مطابق  مظفرگڑھ کے علاقے کرمداد قریشی میں ایس او پیز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سابق یوسی ناظم سلیم گرمانی کے بیٹے کی شادی کی بڑی تقریب منعقد ہوئی جس میں حکومتی جماعت کے ایم پی اے میاں علمدار عباس اور پیپلز پارٹی کے ایم این اے ملک رضا ربانی کھر سمیت سیکڑوں شہری شریک ہوئے۔

ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر منتظمین کے خلاف نہ تو کوئی مقدمہ درج ہوا اور نہ ہی پولیس کی جانب سے کوئی اور کارروائی عمل میں لائی گئی۔

دوسری جانب اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ رانا شعیب کے مطابق شادی کی تقریب اتوارکو ہوئی لہٰذا آئندہ خلاف ورزی ہوئی تو کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

خیال رہے پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان میں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 60 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اموات کی تعداد 3228 ہے۔

مظفر گڑھ میں بھی کورونا کے درجنوں مریض زیر علاج ہیں۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -مظفرگڑھ -کورونا وائرس -