کورونا وائرس کے وار جاری ، پاکستان میں مریضوں اور اموات کی تعداد میں اضافہ
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان میں کورونا وائرس نے اپنے وار تیز کر دیئے ہیں اور گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید 136 افراد دم توڑ گئے ہیں جبکہ 4944 نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں ۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرکے مطابق ملک بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 28 ہزار824 ٹیسٹ کیے گئے جس کے بعد اب تک کیے جانے والے ٹیسٹوں کی تعداد 10 لاکھ 11 ہزار 106 ہو گئی ہے ۔جس کے بعد پاکستان میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 65 ہزار 62 ہو گئی ہے جن میں سے 61 ہزار 383 صحت یاب ہونے کے بعد گھروں کو لوٹ گئے ہیں جبکہ 3229 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں ۔
سب سے زیادہ مریض
سندھ میں کورونا کیسز62 ہزار269، پنجاب میں کورونا کیسزکی تعداد 61 ہزار678 ہوگئی، خیبر پختونخواہ میں 20182، بلوچستان میں 8998، اسلام آباد میں کورونا کیسز 9941، گلگت میں 1225، آزاد کشمیر میں 769 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے۔این سی اوسی کے مطابق کورونا کیسزتین ہفتے تک مسلسل بڑھنے کے بعد مسلسل پانچ دنوں سے کیسزکی تعداد میں کمی آئی ہے تاہم پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران مزید 4944 کورونا پازیٹوکیسزریکارڈ کیے گئے ہیں۔
اموات
کورونا وائرس کے باعث اب تک سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں تعداد 1265 تک پہنچ گئی ہے ، سندھ میں 964، کے پی کے میں 773 ، اسلام آباد میں 95 ، بلوچستان میں 99، گلگت بلتستان میں 18 اور آزاد کشمیر میں 15 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں ۔
وینٹی لیٹرز کی تعداد
این سی اوسی کے مطابق ملک میں کورونا مریضوں کیلئے مزید 103 وینٹی لیٹرزفراہم کیے گئے ہیں جس کے بعد کل تعداد 1503 ہوگئی جب کہ جولائی کے آخر تک ملک میں مزید 1500 وینٹی لیٹرفراہم کردیئے جائیں گے۔ ملک بھرمیں مزید 2150 آکسیجن بیڈز کی فراہمی کیلئے کام جنگی بنیادوں پرجاری ہے۔ این سی اوسی کے مطابق جولائی کے وسط تک ملک میں کورونا ٹیسٹنگ کی صلاحیت ایک لاکھ یومیہ تک لے جائی جائیگی۔