" ہم نے کسی بھارتی فوجی کو رہا نہیں کیا کیونکہ ۔۔۔ " چین نے واضح کردیا
بیجنگ (ڈیلی پاکستان آن لائن) چینی دفتر خارجہ کے ترجمان لی جیان ژاؤ نے واضح کیا ہے کہ چین کی جانب سے کسی بھارتی فوجی کو رہا نہیں کیا گیا کیونکہ کسی کو قیدی بنایا ہی نہیں گیا تھا۔
خیال رہے کہ بھارتی میڈیا نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ چین نے گلوان واقعے میں 20 بھارتی فوجیوں کو ہلاک اور 76 کو زخمی کردیا تھا جبکہ ایک لیفٹیننٹ کرنل اور 2 میجرز سمیت 10 اہلکاروں کو قید کرلیا تھا جنہیں آج (جمعہ) کو رہا کیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کی خبروں پر رد عمل دیتے ہوئے چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لی جیان ژاؤ نے واضح کیا کہ گلوان واقعے کی تمام تر ذمہ داری بھارت پر عائد ہوتی ہے، صحیح اور غلط سب پر واضح ہے۔
انہو ں نے بھارتی فوجیوں کی رہائی کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ چین نے بھارت کے کسی فوجی کو قیدی نہیں بنایا۔ لی جیان ژاؤ نے امید ظاہر کی کہ بھارت دو طرفہ تعلقات برقرار رکھنے کیلئے مل کر کام کرے گا۔