کونسی فلائٹ میں تاخیر ہوگی؟ خاتون نے پیشنگوئیاں کر کر کے 7 کروڑ روپے کما لیے
بیجنگ(مانیٹرنگ ڈیسک) چین میں ایک خاتون کی طرف سے ایسے حیران کن طریقے سے انشورنس کمپنیوں کو 7کروڑ روپے کا چونا لگانے انکشاف سامنے آ گیا ہے کہ سن کر ہی آدمی دنگ رہ جائے۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق اس 45سالہ خاتون کا نام لی بتایا گیا ہے۔ اس نے تاخیر کا شکار ہونے والی سینکڑوں پروازوں کے ٹکٹس کی انشورنس کروائی اور پروازیں تاخیر کا شکار ہونے کے بعد انشورنس کی رقم کلیم کر لی۔ وہ حیران کن طریقے سے اندازہ لگا لیتی تھی کہ کون سی پرواز تاخیر کا شکار ہو گی اور اسی پرواز کا ٹکٹ خرید کر انشورنس کروا لیتی تھی۔
رپورٹ کے مطابق لی 2015ءسے 2019ءتک اس طریقے سے انشورنس کمپنیوں کو دھوکا دیتی رہی۔ اس نے 900سے زائد انشورنس پالیسیاں لیں۔ یہ ٹکٹس اس نے اپنے، اپنے دوستوں اور خاندان کے لوگوں کے نام سے بک کروائے اور ان پر انشورنس لی اور کبھی ان ٹکٹس پر سفر نہیں کیا۔ بتایا گیا ہے کہ لی ایوی ایشن انڈسٹری میں کام کرتی رہی تھی جہاں رہتے ہوئے اس نے کچھ ایسے حربے سیکھ لیے جن کے ذریعے وہ پتا چلا لیتی تھی کہ کون سی پرواز تاخیر کا شکار ہو گی۔ گرفتاری سے بچنے کے لیے اس نے خود سمیت ہر شخص کے نام پرزیادہ سے زیادہ 40انشورنس پالیسیاں لیں۔ بالآخر گزشتہ روز حکام نے اس چالاک خاتون کی چالاکی پکڑ لی اور اسے گرفتار کر لیا گیا۔ حکام کے مطابق ملزمہ کے خلاف تحقیقات کی جا رہی ہیں۔