سپریم کورٹ کی جانب سے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف صدارتی ریفرنس کالعدم قرار دیے جانے متحدہ اپوزیشن بھی میدان میں آگئی
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن ) متحدہ اپوزیشن نے سپریم کورٹ کی جانب سے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف صدارتی ریفرنس کالعدم قرار دیے جانے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔پاکستان مسلم لیگ نواز، پاکستان پیپلز پارٹی، عوام نیشنل پارٹی اور جماعت اسلامی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ایسٹ ریکوری یونٹ کی حقیقت قوم کے سامنے آچکی ہے۔متحدہ اپوزیشن کا کہنا ہے کہ معزز جج کے خلاف بدنیتی پر مبنی بے بنیاد ریفرنس بنا کر اعلیٰ عدلیہ کو بدنام کرنے کی کوشش کی گئی۔قانون کی حکمرانی کی سربلندی اوراس کی حفاظت پر عدلیہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔متحدہ اپوزیشن نے کہا کہ پاکستان بار کونسل، صوبائی بار کونسلز کو ان کے شاندار کردار پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ وکلا برادری نے ایک بارپھر ایک نازک موڑ پر تاریخی کردار ادا کیا ہے۔متحدہ اپوزیشن نے کہا کہ آج سچائی،ایمانداری، قانون و انصاف کی حکمرانی اور اتحاد کی جیت ہوئی۔