اپرینٹس شپ ایکٹ سے بیروزگاروں کو معاشی مواقع ملیں گے، ٹیوٹا
لاہور(لیڈی رپورٹر)چیئر پرسن ٹیوٹا علی سلمان صدیق نے کہا ہے کہ آپرینٹس شپ آرڈینس ختم کر کے آپرینٹس شپ ایکٹ 2021ء کی منظوری ہنر کے فروغ میں اہم سنگ میل ہے۔اس طرح پنجاب پہلا صوبہ بن گیا ہے جس نے 60سالہ پرانے آرڈینس کو ختم کرکے نیا ایکٹ پاس کیا ہے انہوں نے مزید کہا کہ اس ایکٹ سے پنجاب کے نوجوانوں کو بہتر معاشی مواقع دستیاب ہوں گے اس کے ساتھ انڈسٹری کو بھی ان کی ضرورت کے عین مطا بق سکلڈ فورس کی فراہمی ممکن ہو گی حال ہی میں پاس ہونے والے آپرینٹس شپ ایکٹ کے حوالے سے ٹیوٹا سیکرٹریٹ میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیئر پرسن نے کہا ہے کہ اس ایکٹ سے آپرینٹس شپ قانون میں جوہری تبدیلیاں کی گئیں ہیں جیسے آپرینٹس شپ کے لئے پہلے صرف مینو فیکچرنگ سیکٹر ہی اس قانون کے تحت تھے۔اب نیا قانون تمام معاشی مواقع پیدا کرنے والے سیکٹرز کو کور کر رہا ہے اس ایکٹ کے تحت بہت سے ایسے پروسیجر کو بھی ختم کیا گیا ہے۔
جو وقت کا ضیا ع تھے اور آپرینٹس شپ کے حصول میں رکاوٹ تھے۔علی سلمان صدیق نے کہا ہے کہ ٹیوٹا پنجاب وزیر اعظم پاکستان کے ایک کرورڑ نوکریاں فراہم کرنے کے عزم کی تکمیل میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے انہوں نے کہا کہ آپرینٹس شپ ایکٹ ٹیوٹا وڑن 2023کا اہم ترین حصہ ہے جہاں ہم اپنے طلبہ کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق تربیت فراہم کر رہے ہیں اب وہاں ہمارے طلبہ کیلئے آن جاب ٹریننگ بھی میسر ہو گی۔چئیر پرسن ٹیوٹا نے اہم نقطہ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں آپرینٹس شپ لا ء کو انڈسٹری کے خلاف ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جاتا تھا لیکن ٹیوٹا نے اپنے نیو سکل ایکو سسٹم سے اسے یکسر تبدیل کردیا ہے۔
سکل سیکٹر کونسلز اور پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ نے انڈسٹری کو فیصلہ سازی میں با اختیار کیا ہے جو ہمارے طلبہ کیلئے بھی انتہائی مثبت قدم ثابت ہو گا۔چیئر پرسن نے مزید کہا کہ اس امر کی بہت ضرورت ہے کہ ایک جامع کمپین لانچ کی جائے جو ہمارے بزنس مین اور آرگنائزیشزز کو آپرینٹس شپ کے فوائد سے آگاہ کرے انہوں نے کہا کہ جرمنی اور برطانیہ کی کامیاب مثال کو مد نظر رکھتے ہوئے ٹیوٹا اپنے350ووکیشنل اداروں کو آپرینٹس ماڈل پر منتقل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔معروف صنعت کار ریحان بریرہ نے بھی اس موقع پر بات کر تے ہوئے آپرینٹس شپ ایکٹ2021کو سکل سیکٹر کی بہتری کے لئے شاندار قدم قرار دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ اس ایکٹ کے بدولت انڈسٹری کے بہت سے مسائل بھی حل کرنے میں مدد ملے گی انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی ضروریات کے مطاق سکلڈ فورس میسر آئے گی اور یہ ملکی معاشی ترقی میں بھی انتہائی اہم ہو گا انہوں نے کہا کہ آپرینٹس شپ بنیاد ی طور پر ایسا سسٹم ہے جس میں دونوں اطراف کو فائدہ ہوتا ہے اور یہ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں پریکٹس کیا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ اس قانون کی وجہ سے ٹیوٹا اور انڈسٹری کے درمیان گیپ کو ختم کرنے میں بھی مدد ملے گی اور یہ ایک لاکھ کے قریب نوجوان کے لئے روزگار کے مواقع بھی پیدا کرے گا۔