عوام سے کئے وعدوں پرعمل درآمد جاری،شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنائیں گے، فردوس عاشق اعوان

 عوام سے کئے وعدوں پرعمل درآمد جاری،شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنائیں ...
 عوام سے کئے وعدوں پرعمل درآمد جاری،شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنائیں گے، فردوس عاشق اعوان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن ) پنجاب حکومت کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ انتخابات میں ہارنے اور جیتنے والے کے درمیان ازلی تناﺅ جاری ہے، الیکشن کو شفاف بنانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کی ضرورت ہے،ن لیگی انتخابی اصلاحات میں رکاوٹیں ڈال رہی ہے،ہماری حکومت دھاندلی کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے، عوام سے کئے وعدوں پرعمل درآمد جاری ہے اور ہمشفاف انتخابات کا انعقادبھی یقینی بنائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ شفاف انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ کے بغیرممکن نہیں،الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں سے دھاندلی کے کئی راستے بند ہوجا ئیں گے، ایک حلقے میں ووٹ کاسٹ کرنے والا دوسرے حلقے میں ووٹ نہیں ڈال سکے گا،ووٹ پرڈاکہ ڈال کر اقتدار میں آنے والے شاہی خاندان کی دکان بند ہوجائے گی۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)اوورسیزپاکستانیوں کوووٹ کا حق نہیں دینا چاہتی،بیرون ملک پاکستانی زرمبادلہ بھیج کر پاکستانی معیشت چلا رہے ہیںانہیں ووٹ کا حق دینا پی ٹی آئی کا وعدہ تھا ، بیرون ملک پاکستانیوں کے دل وزیراعظم عمران خان کے ساتھ دھڑکتے ہیں، احسن اقبال اوورسیزپاکستانیوں کے ووٹ کا حق چھیننے کے لئے میدا ن میں آجاتے ہیں، جعلی ارسطو کا لیڈر باہر بیٹھ کر سیاست کرسکتا ہے تو دیگر پاکستانیوں کو کیوں حق نہیں؟ن لیگ سمجھتی ہے کہ بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینا انکی سیاسی موت ہے۔ ن لیگ کوڈر ہے اوورسیزپاکستانی عمران خان کی حمایت کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سرائیکی وسیب صوبے کا خواب دیکھتا تھا،وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے سرائیکی وسیب کے ساتھ ماضی میں ہونے والے ناروا سلوک کا مداوا کیاہے،پنجاب حکومت نے سرائیکی وسیب کے بجٹ کی کتاب الگ سے تیار کی ہے، سردار عثمان بزدار نے موروثی سیاست کے دیمک کو صوبے سے باہر پھینک دیا ہے۔