ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل مقابلہ ، نیوزی لینڈ کو بھارت کے خلاف اہم کامیابی مل گئی
ساوتھمپٹن ( ڈیلی پاکستان آن لائن) آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میںدوسرے روز پہلے سیشن کا کھیل جاری ہے جس میں نیوزی لینڈ کو ابتدا میں دو اہم کامیابیاں مل گئی ہیں ۔بھارت نے 28اوور کے اختتام پر دو وکٹوں کے نقصان پر 69رنز بنا لیے ہیں ۔اس وقت کپتان ویرات کوہلی اور چیتیشور پجارا پچ پر موجود ہیں ۔
تفصیل کے مطابق سا ﺅ تھمپٹن میں کھیلے جارہے آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بھارت کو بلے بازی کی دعوت دی۔ بھارت کی طرف سے اوپنر آنے والے روہت شرما 88گیندوں پر 34رنز بنا کر جیمیسن کی گیند پر آوٹ ہوئے ۔ان کے ساتھ آنے والے شبمن گل 64گیندوں پر 28سکور بنا کر ویگنر کی گیند پر آوٹ ہوئے ۔
فائنل میچ کا پہلا روز بارش کی نذر ہو گیا تھا ، مسلسل بارش کے باعث گزشتہ روز ٹیمیں میدان میں ہی نہیں اتر پائیں تھیں۔آئی سی سی کے اعلان کے مطابق پہلے روز بارش کی وجہ سے فالو آن اصول تبدیل نہیں ہوگا جو عام طو پر ٹیسٹ میچز میں ہوتا ہے۔ عام طور پر فالو آن آئی سی سی کے قواعد 14.1.1 کے تحت دیا جاتا ہے ، اس میں پہلے بلے بازی کرنے والی ٹیم 200 رنز کی سبقت ملنے کے بعد مخالف ٹیم کو پھر سے بلے بازی کیلئے بلا سکتی ہے۔
واضح رہے کہ فاتح ٹیم کو 16 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم دی جائے گی جبکہ دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیم کو 8 لاکھ ڈالرز ملیں گے ، میچ ڈرا ہونے کی صورت میں انعامی رقم دونوں ٹیموں میں تقسیم کر دی جائے گی۔آئی سی سی کے مطابق ٹیسٹ چیمپئن کے پوائنٹس ٹیبل پر موجود تیسری ٹیم کو ساڑھے چار لاکھ ڈالرز ، چوتھے نمبر کی ٹیم کو ساڑھے تین لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم دی جائے گی۔پاکستانی کرکٹ ٹیم پانچویں نمبر پر موجود ہے جسے دو لاکھ ڈالرز دیے جائیں گے۔