ملتانز سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے آسان ہدف دے دیا
ابوظہبی(ڈیلی پاکستان آن لائن )ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لئے 150رنز کا ہد ف دیا ہے۔
ملتان سلطانز کی پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 149رنز بناسکی۔ملتان کی ٹیم نے اپنی اننگز کا جارحانہ آغا زکیا، کپتان محمد رضوان نے ایک طرف سنگل ڈبلز کیساتھ سکو رکو آگے بڑھایا تو دوسری جانب شان مسعود نے جارحانہ انداز میں وکٹ کے چاروں جانب شاٹس لگائے۔ شام مسعود 37 گیندوں پر 59 رنز بناکر افتخار احمد کی گیند پر آؤٹ ہوئے انکی شاندار ففٹی میں چھ چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔شان مسعود کے آؤٹ ہونے کے بعد ملتان کی تین وکٹیں یکے بعد دیگرے گر گئیں جس سے ملتان کی ٹیم کا رین ریٹ کم ہوگیا۔ کپتان محمد رضوان 26، صہیب مقصود12 اور رائلی روسو دو رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔صہیب مقصود اور محمد رضوان کی وکٹ فواد احمد جبکہ رائلی روسو کی وکٹ شاداب خان نے حاصل کی۔جونسن چارلز 19 رنز بناکر محمد وسیم ، حماد اعظم نو رنز بناکر فہیم اشرف، عثمان قادر چار رنز بناکر فہیم اشرف کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔محمد عمر بغیر کوئی رنز بنائے محمد وسیم کا نشانہ بنے۔ سہیل خان آٹھ اور مزربانی بھی بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے ،دونوں کی وکٹ سہیل خان نے حاصل کی۔
واضح رہے کہ اسلام آباد کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ملتان سلطانز کی ٹیم میں کپتان محمد رضوان، شان مسعود، صہیب مقصود، رائلی روسو، جونسن چارلز، حماد اعظم ، شاہنواز دھانی، عثمان قادر، مزربانی، محمد عمر اور سہیل خان شامل ہیں۔اسلام آباد کی ٹیم میں کپتان شاداب خان،فہیم اشرف ،محمد وسیم، علی خان، عمر امین، برینڈن کنگ، محمد اخلاق، حسین طلعت، آصف علی اور فواد احمد شامل ہیں۔