ایشیا میں نئی سرد جنگ کے بیج بوئے جا رہے ہیں: شاہ محمود قریشی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ایشیا میں نئی سرد جنگ کے بیج بوئے جا رہے ہیں، خطے میں استحکام کیلئے مسئلہ کشمیر سمیت دیگر تنازعات کا حل ضروری ہے۔
ترک میڈیا کو انٹرویو میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر حل نہ ہونے سے سارک تنظیم مفلوج ہو گئی، ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں تو علاقائی روابط کا فروغ ضروری ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ خطے میں امن کے لیے دیگر عالمی طاقتوں کا کردار بھی شامل ہے۔ان کا کہنا تھا کہ افغانستان اور خطے میں قیام امن کے لیے پاکستان ایک شراکت دار ہے اور تمام شراکت داروں کو باہمی تعاون سے ملکر یہ ذمہ داری نبھانا ہو گی۔