ٹریفک اہلکار نے اپنی مارننگ واک کیلئے سڑک بند کردی
نئی دلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی ریاست کیرالہ میں ٹریفک پولیس کے ایک اہلکارنے اپنی مارننگ واک کیلئے سڑک بند کردی۔
انڈیا ٹوڈے کے مطابق واقعہ کوچی شہر میں پیش آیا جہاں اسسٹنٹ کمشنر آف ٹریفک پولیس ونود پلائی کوئیز واک وے پر مارننگ واک کیلئے آتے اور سڑک کو ٹریفک کیلئے بند کرادیتے ہیں۔ یہ سڑک صرف اتوار کے روز صبح چھ سے سات بجے کے درمیان بچوں کی سکیٹنگ اور سائیکلنگ کیلئے بند کی جاتی ہے لیکن ٹریفک اہلکار نے دوسرے دنوں میں اپنی واک کیلئے بھی اس کو بند کرنا شروع کردیا۔ شہریوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر یہ معاملہ اٹھائے جانے کے بعد مذکورہ اہلکار کو شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔
گزشتہ ماہ دلی میں اسی طرح کا افسر شاہی کا واقعہ پیش آیا تھا جب دلی کے تھیاگ راج سٹیڈیم سے ایتھلیٹس کو اس لیے نکال دیا گیا تھا کیونکہ اس وقت ایک بیورو کریٹ جوڑا اپنے کتوں کو واک کرانے کیلئے آتا تھا۔ معاملہ سامنے آنے پر پرنسپل سیکریٹری نے نوٹس لیتے ہوئے جوڑے کو دلی سے باہر ٹرانسفر کردیا۔ شوہر کو لداخ جب کہ اس کی بیوی کو اروناچل پردیش میں پوسٹنگ دی گئی ہے۔