ایشیائی ترقیاتی بینک کاشمسی توانائی منصوبے کو ایوارڈ

  ایشیائی ترقیاتی بینک کاشمسی توانائی منصوبے کو ایوارڈ

  

پشاور(سٹی رپورٹر) ایشیائی ترقیاتی بینک نے خیبرپختونخواحکومت کے Access to Clean Energy Program کے تحت پیڈوکے شمسی توانائی کے جاری منصوبے کوایکسیلینس ایوارڈ (Excellence Award)سے نوازاہے۔شمسی توانائی پر منتقلی کا یہ منفرد منصوبہ صوبے بھر میں 8000سکولوں اور187بنیادی مراکزصحت کو شمسی نظام پر منتقل کرنے کے لئے جاری ہے جوکہ محکمہ توانائی وبرقیات کے ذیلی ادارے پختونخواانرجی ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن(پیڈو) کی زیرنگرانی مکمل کیاجارہا ہے اور تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔اس سلسلے میں سیکرٹری محکمہ توانائی وبرقیات سید امتیازحسین شاہ نے کہا کہ خیبرپختونخواحکومت نے ترقیاتی منصوبوں میں بہترین حکمت عملی اورعوام دوست پالیسی کے تحت کامیابی کا ایک اورسنگ میل عبورکیا ہے۔صوبے میں جاری توانائی منصوبے عوام کی زندگی میں بجلی کی روشنی لانے کے ساتھ ساتھ معیشت کے استحکام اورروزگارکے نئے مواقع پیداکرنے میں مدد گارثابت ہونگے۔ انہوں نے چیف ایگزیکٹو پیڈوانجینئرنعیم خان اورشمسی توانائی منصوبوں میں کام کرنے والی پراجیکٹ ٹیم کے اراکین کومبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انکی بہترین کارکردگی سے آج محکمہ توانائی وبرقیات کے منصوبے کی کامیاب Implementationانجام دہی سے ایشیائی ترقیاتی بینک کی طرف سے Excellenceایوارڈ دیا گیا ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ محمودخان کوبھی خراج تحسین پیش کیا جن کی نگرانی میں صوبے کے لئے عوام دوست منصوبے شروع کئے گئے ہیں جن کی تکمیل سے صوبے میں ترقی کے نئے دور کا آغازہوگا۔ چیف ایگزیکٹو پیڈوانجینئر نعیم خان نے ایشیائی ترقیاتی بینک کی انتظامیہ کا شکریہ اداکیا جنہوں نے خیبرپختونخواکے عوام کو بجلی کی فراہمی کیلئے توانائی منصوبوں میں صوبائی حکومت خصوصاً محکمہ توانائی وبرقیات اوراسکے ذیلی ادارے پیڈوکی بھرپورمالی معاونت کی۔ انہوں نے امیدکا اظہارکیا کہ پیڈوکے تمام توانائی کے جاری منصوبے بروقت مکمل کرلئے جائیں گے جس سے ادارے کی نیک نامی میں مزید اضافہ ہوگا۔ 

مزید :

پشاورصفحہ آخر -