یو سی غالیگے کیلئے متعدد اجتماعی ترقیاتی منصوبے یقینی بنائے گئے‘ ڈاکٹر امجد علی

  یو سی غالیگے کیلئے متعدد اجتماعی ترقیاتی منصوبے یقینی بنائے گئے‘ ڈاکٹر ...

  

پشاور (سٹاف رپورٹر) خیبر پختونخوا کے وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ سوات کے تاریخی اور مشہور علاقہ غالیگے میں پہلی بار بجلی و پانی کی فراہمی، سٹریٹ لائٹس، فٹ پاتھس، قدیم قبرستان کی باؤنڈری وال،نکاسی آب اور کچی گلیوں و گزرگاہوں کی تعمیر وپختگی کے منصوبے یقینی بنائے گئے ہیں، بد قسمتی سے سابقہ ادوار میں اس تاریخی و مشہور علاقے کو ترقی کی دوڑ میں نذر انداز رکھا گیا تاہم پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت ایسے علاقوں کی تاریخی اہمیت کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی تعمیر و ترقی پر بھر پور توجہ دے رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجدعلی نے گزشتہ روز تحصیل بریکوٹ ویلیج کونسل غالیگے لنک روڈ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ غالیگے ہائی سکول کی اپگریڈیشن پر کام جاری ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ دور دراز و پسماندہ علاقوں کی ترقی و خوشحالی کیلئے موثر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ڈاکٹر امجدعلی کا کہنا تھا کہ 18 ملین روپے کی لاگت سے ویلیج کونسل غالیگے کے لیے تقریباً 1.5 کلومیٹر کی سڑک پر کام مکمل ہوچکاہے جس سے یونین کونسل غالیگے کے عوام کا ایک دیرینہ مطالبہ پورا ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ نہ صرف اس منصوبے کو بہت قلیل مدت میں مکمل کیا گیا بلکہ پہلے کے مقابلے میں سڑک کو بھی مذید وسعت دی گئی ہے تاکہ یہاں کے لوگوں کو آمد و رفت میں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔ ڈاکٹر امجدعلی نے علاقہ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا وقتاً فوقتاً جائزہ لینے اور انہیں باقاعدہ آگاہ رکھنے پر پارٹی ورکرز اور عوام کا شکریہ بھی ادا کیا۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -