راجن پور: اشتہاری ملزمان نےفائرنگ کرکےپولیس اہلکار شہیدکردیا

Jun 19, 2024 | 08:18 PM

جام پور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پنجاب کے ضلع راجن پور کے علاقے جام پور کی حدود میں مبینہ اشتہاری ملزمان کی فائرنگ سے پولیس کانسٹیبل تنویر عباس شہید اور دوسرے کانسٹیبل جاوید اقبال زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق جام پور میں اشتہاری ملزمان کی فائرنگ سے ایک اہلکار شہید اور دوسرا زخمی ہوگیا، جس پر انسپکٹرجنرل (آئی جی) پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈیرہ غازی خان کے آر پی او سے رپورٹ طلب کرلی۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ شہید کانسٹیبل تنویر عباس کی لازوال قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، انہوں نے شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے دوران جام شہادت نوش کیا ہے۔شہید کانسٹیبل تنویر عباس کے اہل خانہ کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

ڈاکٹر عثمان انور نے ڈی پی او راجن پور کو فائرنگ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا اور زخمی پولیس اہلکار جاوید اقبال کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔

مزیدخبریں