برآمدات کوفروغ دینے کے اقدامات کو تیز کیا جائیگا: ایس ایم منیر

برآمدات کوفروغ دینے کے اقدامات کو تیز کیا جائیگا: ایس ایم منیر

کراچی(اکنامک رپورٹر) ٹریڈڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے چیف ایگزیکٹوآفیسر ایس ایم منیر نے کہا ہے کہ ملک میں مسائل کاانبارہے ،وزیراعظم پاکستان بجلی اور گیس کے بحران سمیت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سرگرم ہیں جس سے ملک میں آئندہ دو تاتین سالوں کے دوران مثبت تبدیلی رونما ہوجائیگی، ملک کو ترقی یافتہ ممالک کی دوڑ میں شامل کرنے کے لیے معاشی طورپرمستحکم ہونا ہوگا، ٹریڈڈیولپمنٹ اتھارٹی کرپشن کے ساتھ منسلک ہے لیکن اب کرپشن ،بدعنوان افسران ، کام نہ کرنے والے عملے اورعہدیداران کاصفایا کردیا جائیگا تاکہ ملکی برآمدات کوفروغ دینے کے اقدامات کو تیز کیا جاسکے جسکے لیے ملکی تاجروصنعتکاربرادری کی مدد اوربھرپوراعتماد کی ضرورت ہے یہ بات انہوں نے گزشتہ شب ہلٹن فارما کے چیئرمین سرداریاسین ملک اور کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر میاں زاہد حسین کی جانب سے دئیے گئے عشائیے کے موقع پرکہی اس موقع پر فیڈریشن کے صدر زکریاعثمان، سندھ کے سابق صوبائی وزیر تجارت عبدالروف صدیقی،سینیٹرعبدالحسیب خان،خالدتواب نے بھی خطاب کیا ۔ایس ایم منیر نے کہا کہ پاکستان کوایشین ٹائیگربنانے کے لیے جدوجہد،عمل، محنت اور مثبت سوچ پریقین رکھنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ تاجروصنعتکاربرادری کی مدد اور مشاورت سے برآمدات میں اضافے کو ممکن بنایا جائیگا ۔اس موقع پر کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر میاں زاہد حسین نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے ملک کو معاشی طورپرمستحکم کرنے اور برآمدی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے بہترین فیصلہ کرتے ہوئے ایس ایم منیر جیسی شخصیت کو اہم ترین ذمہ داریاں سونپ دی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ایس ایم منیر تاجروصنعتکاربرادری میں یونیورسٹی کادرجہ رکھتے ہیں اور انکی صلاحیتوں اورتجربات سے ملک وقوم کو بھرپورفائدہ حاصل ہوگا ۔اس موقع پر فیڈریشن کے صدر زکریاعثما ن نے کہا کہ پاکستان کی مصنوعات کو دنیا بھر میں ٹی ڈی اے پی نے متعارت نہیں کرایا جسکی اشد ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ دنیا کے ہرملک میں پاکستانی مصنوعات کاشوکیس موجودہونا چاہیے کیونکہ پاکستان کی مصنوعات کی مارکیٹنگ کاوقت آچکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ علاقائی تجارت کو فروغ دینے سے ملک میں خوشحالی رونما ہوسکتی ہے جبکہ ساوتھ امریکہ اور ساوتھ افریقہ میں پاکستانی مصنوعات کی بڑی کھپت موجودہے ۔ فیڈریشن کے سابق نائب صدر خالدتواب نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے نجی سیکٹر کو موقع فراہم کردیا ہے کیونکہ اس وقت ملک کادرآمدی حجم برآمدی حجم سے زیادہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ ٹی ڈی اے پی کی ترقی ایس ایم منیر سے وابستہ ہے اور نجی سیکٹر کے لیے ایس ایم منیر کی تعیناتی سے راستہ کھل گیا ہے ۔ سابق صوبائی وزیرعبدالروف صدیقی نے کہا کہ پاکستان بحرانی کیفیت سے دوچارہے ،طوفانی ہواوں نے پاکستان کو جکڑ رکھا ہے اب ہمیں ایس ایم منیر کومضبوط کرنے کی ضرورت ہے اس موقع پر عشائیے میں ڈپٹی گورنر اسٹیٹ قاضی عبدالمقتدر، موجود جسٹس (ر) سعیدالزماں صدیقی ،رکن قومی اسمبلی خوش بخت شجاعت ،ایڈمنسٹریٹر کراچی روف اختر فاروقی،سابق وفاقی وزیرداخلہ معین الدین حیدر،فیڈریشن کے سابق نائب صدور زبیر طفیل،شکیل احمد ڈھینگرا، نائب صدر خرم سعید، عارف حبیب،فرحان الرحمن، راشد احمد صدیقی، منیر سلطان،یحییٰ پولانی ،جاوید علی غوری، ملک خدابخش ،عبدالسمیع خان ، نوراحمد خان سمیت دیگر شرکانے وزیراعظم پاکستان نواز شریف کو ایس ایم منیر کی ٹی ڈی اے پی میں بطورچیف ایگزیکٹو آفیسر تعیناتی پرخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم نے ملکی معاشی ترقی کو فروغ دینے کے لیے بروقت اور اہم شخصیت کی نامزدگی کافیصلہ کیا ہے جوکہ خوش آئند عمل ہے ۔

مزید : کامرس