پنجاب پراونشل کوآپریٹوبینک نے 4194ملین روپے وصول کرلیے

پنجاب پراونشل کوآپریٹوبینک نے 4194ملین روپے وصول کرلیے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(کامرس رپورٹر)پنجاب پراونشل کواپریٹو بینک لمیٹڈ نے غیر فعال قرضہ جات کی وصولی کے سلسلہ میں 30جون 2009ءسے 31دسمبر 2013ءتک 4194.03 ملین روپے کی وصولی کی ہے جس میں سے 2400.83 روپے اصل اور 1793.20 روپے مارک اپ کی وصولی کی ہے اس کا اظہار سیکرٹری کواپریٹوز پنجاب علی طاہر کو بینک کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ کے دوران کیا۔ رجسٹرار کواپریٹو پنجاب ہارون رفیق، صدر چیف ایگزیکٹیو آفیسر سید طلعت محمود اور دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ صوبہ بھر میں بینک کی 151برانچوں کو آٹومیٹیڈ کر دیا گیا ہے اور 9برانچوں کو ماڈل برانچ بنانے کا کام تیزی سے جاری ہے۔ جس میں سے تین برانچوں نے بطور ماڈل برانچ کام شروع کر دیا ہے ۔ واضح رہے کہ ماڈل برانچوں میں دیگر کمرشل بینکوں کی طرح جدید بینکنگ کی تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی اور جلد ہی 10برانچوں میں اے ٹی ایم سروس بھی مہیا کر دی جائے گی۔

 انہیں بتایا گیا کہ تمام برانچوں میں آن لائن سروس، ای میل اور انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کر دی گئی اور اس وقت نادہندگان سے وصولی کیلئے خصوصی ریکوری پیکج کے تحت وصولی بھی کی جا رہی ہے۔ بینک نے فصل خریف 2013ءکی وصولی 99.59 فیصد کے حساب سے کی تھی۔ اپریل 2014ءمیں فصل خریف 2014ءکیلئے قرضہ جات کا اجراءاور فصل ربیع 2013-14ءکی وصولی کا کام بھی شروع کر دیا جائے۔ سیکرٹری کواپریٹو ز پنجاب نے اس موقع پر افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پراونشل کواپریٹو بینک لمیٹڈ ایک صدی کا سفر مکمل کر نے والا ہے اور حکومت کی کوشش ہے کہ بینک کا شمار دیگر کمرشل بینکوں کے برابر ہو اس کیلئے بینک کی تنظیم نو کا کام تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے سٹاف کو ہدایت کی کہ وہ مقرر کردہ ہدف کے مطابق دیپازٹس کی وصولی ، قرضہ جات کا اجرائ، بقایا جات اور بالخصوص غیرفعال قرضہ جات کی وصولی 100فیصد مکمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ بہترین کام کرنے والوں کی حوصلہ افزائی اور ہدف کے مطابق کام نہ کرنے والوں کے خلاف سروس رولز کے مطابق کاروائی عمل میں لائی جائےںگی۔

مزید :

کامرس -