راولپنڈی چیمبر کی رکنیت کی تجدید نو مہم شروع

راولپنڈی چیمبر کی رکنیت کی تجدید نو مہم شروع

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 راولپنڈی (نیٹ نیوز)راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائمقام صدر ملک شاہد سلیم نے کہا ہے کہ راولپنڈی چیمبر کی رکنیت کی تجدید نومہم شروع ہو چکی ہے جو31 مارچ تک جاری رہے گی ،کاروباری برادری مقررہ تاریخ سے قبل رکنیت کی تجدید کروا لیں بصورت دیگر وزارتِ تجارت کے قوانین کے مطابق انکی رکنیت منسوخ ہو جائے گی،چیمبر میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس جس میں سابق صدور ، نائب صدر محمد عالم چغتائی ، انجمن تاجران راولپنڈی کے رہنما شیخ صدیق، انجمن تاجران موتی بازار چوہدری اقبال احمد،انجمن تاجراں راولپنڈی کینٹ کے صدر شیخ حفیظ احمد،کے علاوہ مری روڈ، گوالمنڈی ، صرافہ بازار، سٹی صدر روڈ وغیرہ کے صدور بھی موجود تھے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کی کامیابی اتحاد میں مضمر ہے چیمبر کی رکنیت جتنی زیادہ ہو گی افادیت بھی اتنی بڑھے گی اور حکومتی حلقوں میں پذیرائی بڑھے گی جس سے ممبران کے مسائل کو حل کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ افراد کو رکن بنانے کے لئے ایک آگاہی مہم شروع کی جائے گی۔
 تا کہ عام تاجر طبقہ کو چیمبر کی افادیت سے روشناس کر کے چیمبر کا ممبر بنایا جائے،چیمبر کے رُکن کے لئے ٹیکس ادائیگی شرط ہوتی ہے جس کی وجہ سے چیمبر زملک کی مجموعی اقتصادی صورتحال اور ٹیکس ریونیو میں بہتری کا باعث بنتے ہیں۔قائمقام صدر آر سی سی آئی نے کہا کہ تاجر تنظیمیں چیمبر کی طاقت ہیں اور چیمبر خطے کی تمام کاروباری برادری کی فلاح اور بہتری کے لئے اقدامات اٹھا رہا ہے ،بزنس کمیونٹی متحد ہوگی تو چیمبر مضبوط ہو گا ،چیمبر کی مضبوطی سے کاروباری برادری کے مسائل کو حل کرانے میں آسانی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر نے ممبران کے لئے جڑواں شہروں کے مشہور ہسپتالوں، لیبارٹریز، یونیورسٹیز اور کاروباری مراکز کے ساتھ باہمی سمجھوتے کر رکھے ہیں جنکی رو سے ممبران کو خصوصی رعایت کی پیشکش کی جاتی ہے،ویزہ کے حصول ،آر اینڈ ڈی ،تجارتی وفود میں شرکت اور دیگر سہولیات کے علاوہ چیمبر کی کاوشوں سے راولپنڈی کی عوام کے لئے میٹرو بس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا جا رہا ہے یہ بلا شبہ راولپنڈی چیمبر کی خدمات کا منہ بولتا ثبوت ہے ،راولپنڈی چیمبر فلاحی کاموں میں بھی پیش پیش ہے جس کا ثبوت آر سی سی آئی فری میڈیکل کلینک کا قیام ہے ،راولپنڈی چیمبر ملک کا تیسرا بڑا اور پرانا چیمبر ہے جس رکن بننا ازخود ایک اعزاز کی بات ہے۔

مزید :

کامرس -